جموں/ آواز دی وائس
جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں عوامی سلامتی قانون (پی ایس اے) کے تحت عام آدمی پارٹی (آپ) کے ایم ایل اے مہراج ملک کی حراست کے خلاف مظاہروں کے دوران مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ کے بعد بدھ کو دفعہ 144 نافذ رہی۔
بھدرواہ وادی میں پابندیاں لگا دی گئیں اور شہر کی تمام دکانیں اور تجارتی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔ منگل کو ہوئی جھڑپوں میں دو افسران سمیت کم از کم آٹھ پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ ملک کو مبینہ طور پر عوامی نظم و نسق کو بگاڑنے کے الزام میں پی ایس اے کے تحت حراست میں لے کر کٹھوعہ جیل میں بند کیے جانے کے بعد مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔
خبروں کے مطابق ڈوڈہ ضلع میں، خاص طور پر ڈوڈہ اسمبلی حلقے میں، پوری رات حالات کشیدہ رہے۔ حکام نے بتایا کہ بھدرواہ، گنڈوہ، بھلیسا، چلی پنجل، کہارا اور تھاتھری سمیت ضلع کے حساس علاقوں میں اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ تمام تجارتی ادارے اور تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ایک پولیس افسر نے کہا کہ صورتِ حال پرامن ہے۔ کہیں سے بھی کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں کسی نئے مظاہرے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
آپ‘ کے ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے پارٹی ایم ایل اے مہراج ملک کو پی ایس اے کے تحت حراست میں لیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’’غیر قانونی‘‘ اور ’’غیر آئینی‘‘ قرار دیا اور حکام پر الزام لگایا کہ انہوں نے ایک منتخب نمائندے کے خلاف دہشت گردوں کے لیے بنائے گئے قانون کا غلط استعمال کیا ہے۔
آپ‘ کی جموں و کشمیر یونٹ کے صدر ملک کو پیر کو ڈوڈہ ضلع میں عوامی نظم و نسق کو مبینہ طور پر بگاڑنے کے الزام میں سخت قانون کے تحت حراست میں لیا گیا تھا اور بعد میں انہیں کٹھوعہ ضلع جیل میں رکھا گیا۔ آپ‘ کے سینئر رہنما عمران حسین کے ساتھ یہاں پہنچے سنجے سنگھ نے صحافیوں سے کہا، ’’یہ (ملک کے خلاف پی ایس اے لگانا) غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ یہ ایک منتخب رکن کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے۔ پی ایس اے لگانا سو فیصد غلط ہے۔
سنگھ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف استعمال ہونے والی دفعہ ایک منتخب رکن پر اپنے حلقے کے عوام کی آواز اٹھانے کے لیے لگائی گئی ہے۔ یہ بہت غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ناانصافی کے خلاف سڑکوں پر، پارلیمنٹ میں اور اگر ضرورت پڑی تو سپریم کورٹ میں بھی لڑیں گے۔انہوں نے بی جے پی حکومت اور وزیراعظم نریندر مودی پر الزام لگایا کہ وہ دباؤ ڈالنے کی حکمتِ عملی اپنا کر ’آپ‘ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ سنگھ نے کہا کہ انہوں نے پہلے اروند کیجریوال، منیش سسودیا، ستیندر جین اور مجھے بھی جیل میں ڈالا ہے۔ آج مہراج ملک کو بھی جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔
ڈوڈہ ضلع میں حکام نے امن و امان خراب ہونے کے خدشے اور قانون و انتظام کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے منگل کو دفعہ 144 نافذ کر دی تھی۔ ڈوڈہ کے ایڈیشنل ڈپٹی مجسٹریٹ انیل کمار ٹھاکر نے ایک حکم نامہ جاری کر کہا کہ اگلے حکم تک ضلع بھر میں چار یا اس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی رہے گی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی شخص اشتعال انگیز تقریر نہیں کرے گا، نعرے نہیں لگائے گا یا ایسا کوئی عمل نہیں کرے گا جس سے امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچے۔ اس میں کہا گیا کہ عوامی مقامات پر لاٹھی یا تیز دھار ہتھیار لے جانے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
ڈوڈہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ان پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکام نے خبردار کیا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی ہونے پر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
ڈوڈہ اور بھدرواہ کے علاوہ دیگر قصبوں میں بھی دکانیں اور تجارتی ادارے بند رہے اور سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت کم رہی۔ مقامی لوگوں نے انٹرنیٹ خدمات معطل ہونے کی اطلاع دی۔ جموں، راجوری، پونچھ اور کشتواڑ میں بھی احتجاج ہوئے۔ نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور پیپلز کانفرنس نے ملک کو حراست میں لیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’’جمہوریت پر حملہ‘‘ قرار دیا۔
جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ ملک سے کوئی خطرہ نہیں ہے اور انہوں نے پی ایس اے کے تحت حراست کو ’’غلط‘‘ قرار دیا۔