نئی دہلی/ آواز دی وائس
بالی ووڈ اداکارہ اروشی روتیلا سے آن لائن بیٹنگ اور گیمنگ پلیٹ فارم 1ایکس بیٹ سے جڑے منی لانڈرنگ کیس میں ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ آن لائن بیٹنگ پلیٹ فارم 1ایکس بیٹ پر تقریباً 22 کروڑ ہندوستانی صارفین موجود ہیں۔ مرکزی حکومت نے حال ہی میں آن لائن گیمنگ پر پابندی عائد کی ہے۔ اروشی روتیلا اس آن لائن بیٹنگ پلیٹ فارم کی برانڈ ایمبیسڈر ہیں۔
اروشی روتیلا نے "ون ایکس بیٹ" سٹہ بازی ایپ کا اشتہار کیا تھا۔ اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر موجود ہے۔ اسی بنیاد پر اروشی روتیلا کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
ای ڈی کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کئی آن لائن بیٹنگ پلیٹ فارم غیر قانونی طریقے سے ہندوستان میں اپنا کاروبار پھیلا رہے ہیں۔ انہی میں سے ایک ہے "ون ایکس بیٹ"، جس کے اشتہارات اور تشہیر میں کئی مشہور شخصیات شامل پائی گئی ہیں۔ تحقیقاتی ایجنسی یہ سمجھنا چاہتی ہے کہ آخر ان سلیبریٹیز کا کردار ان ایپس کے پرچار اور پبلسٹی میں کس حد تک رہا ہے۔
ای ڈی جلد ہی آن لائن سٹہ بازی اور گیمنگ پلیٹ فارم سے جڑے اس معاملے میں منی لانڈرنگ کے تحت کچھ کھلاڑیوں اور اداکاروں کی کروڑوں روپے کی جائیداد ضبط کر سکتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ "ون ایکس بیٹ" پورٹل سے جڑے کیس کی جانچ میں یہ پایا گیا ہے کہ ان میں سے کچھ شخصیات نے انہیں دیے گئے اشتہاری معاوضے کا استعمال مختلف جائیدادیں خریدنے میں کیا، اور یہ رقم پی ایم ایل اے (منی لانڈرنگ ایکٹ) کے تحت "جرم سے حاصل آمدنی" مانی جاتی ہے۔