اداکار گووندا کی طبیعت بگڑی، اسپتال میں داخل

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-11-2025
اداکار گووندا کی طبیعت بگڑی، اسپتال میں داخل
اداکار گووندا کی طبیعت بگڑی، اسپتال میں داخل

 



ممبئی/ آواز دی وائس
بالی وڈ اداکار گووندا کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ منگل کی رات تقریباً آٹھ بجے انہیں اچانک ذہنی الجھن محسوس ہوئی، جس کے بعد رات تقریباً ایک بجے انہیں جوہو کے ایک علاقے میں واقع "کریٹیکیئر اسپتال" میں داخل کرایا گیا۔ ان کے دوست اور قانونی مشیر للت بندل نے  بتایا کہ اداکار رات گئے گھر پر بے ہوش ہو گئے تھے۔ اسپتال لے جانے سے پہلے فون پر ڈاکٹروں سے بات کی گئی اور ان کی ہدایت پر دوا دی گئی۔
گووندا کے کئی ٹیسٹ کیے گئے
اداکار کے قریبی دوست بندل نے ان کی صحت کے بارے میں زیادہ تفصیل نہیں بتائی، تاہم انہوں نے یہ ضرور کہا کہ اداکار کے کئی میڈیکل ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور اب ان کی رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
مینجر کا ہیلتھ اپڈیٹ
گووندا کے مینجر کی جانب سے بھی ان کی صحت کے بارے میں تازہ اطلاع دی گئی ہے۔ شی شندے نے بتایا کہ انہیں تھوڑا چکر آیا اور سر بھاری محسوس ہوا، اسی لیے ہم نے انہیں نیورولوجسٹ سے معائنہ کرانے کے لیے اسپتال میں داخل کرایا۔ فی الحال ان کا معائنہ جاری ہے، ڈاکٹر ابھی نہیں آئے ہیں۔ سر اب بہتر محسوس کر رہے ہیں اور آرام کر رہے ہیں، گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے۔ ہم صرف یہ جاننا چاہتے تھے کہ انہیں چکر کیوں آیا۔ چونکہ نیورولوجسٹ نے انہیں داخل ہونے کا مشورہ دیا تھا، اس لیے ہم نے احتیاطاً ایسا کیا۔ ان کی بیٹی ٹیِنا ان کے ساتھ ہیں، باقی اہلِ خانہ باہر ہیں۔
گزشتہ سال لگی تھی گولی
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں گووندا کی لائسنس یافتہ ریوالور سے گولی چل گئی تھی جو ان کے ہی پیر میں جا لگی تھی۔ اس کے بعد انہیں اسی جوہو کے "کریٹیکیئر اسپتال" میں لے جایا گیا، جہاں تقریباً ایک گھنٹے کی سرجری کے بعد گولی نکالی گئی۔ ان کے مینجر کے مطابق، گووندا اپنی لائسنس یافتہ ریوالور الماری میں رکھ رہے تھے کہ اچانک وہ گر گئی اور اس سے گولی چل گئی۔ اسپتال سے چھٹی کے بعد گووندا نے خود بتایا تھا کہ میں کولکتہ میں ایک شو کے لیے جا رہا تھا۔ صبح تقریباً پانچ بجے کا وقت تھا، ریوالور گر گئی اور اچانک چل گئی۔ میں حیران رہ گیا اور پھر خون کا فوارہ نکلتے دیکھا۔