حادثہ: والدین کو 15.10 لاکھ روپے معاوضہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 01-07-2026
حادثہ: والدین کو 15.10 لاکھ روپے معاوضہ
حادثہ: والدین کو 15.10 لاکھ روپے معاوضہ

 



نئی دہلی: مہاراشٹر کے ضلع ٹھانے میں موٹر حادثات دعویٰ ٹریبونل (ایم اے سی ٹی) نے 2018 میں ایک ٹرک کی زد میں آ کر جاں بحق ہونے والے آٹھ ماہ کے بچے کے والدین کو 15 لاکھ 10 ہزار روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ ٹریبونل نے اپنے فیصلے میں کہا کہ معاوضے کے تعین کے لیے کسی کمسن بچے کو ’’غیر کمانے والا فرد‘‘ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

ایم اے سی ٹی کے چیئرمین اور چیف ڈسٹرکٹ جج آر ڈی ساونت نے منگل کو جاری اپنے حکم میں ٹرک کے مالک دنکر مانے اور ایک نجی انشورنس کمپنی کو مشترکہ طور پر یہ معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت دی۔ یہ حادثہ 6 جون 2018 کو ٹھانے کے واگلے اسٹیٹ علاقے میں پیش آیا تھا، جب شکایت کنندہ محمد عثمان محبوب نائک اور ان کی اہلیہ اپنے ایک رشتہ دار کے گھر گئے ہوئے تھے۔

ان کا آٹھ ماہ کا بیٹا سلطان فٹ پاتھ پر نصب لوہے کی گرل کے قریب کھیل رہا تھا کہ اسی دوران ایک تیز رفتار ٹرک نے پیچھے سے آ کر گرل کو زور دار ٹکر مار دی۔ شدید ٹکر کے نتیجے میں لوہے کی گرل اکھڑ کر معصوم بچے پر جا گری، جس سے اس کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اس واقعے کے بعد ٹرک ڈرائیور کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ٹریبونل نے کہا، ’’اگر ٹرک گرل سے نہ ٹکراتا اور لوہے کی ریلنگ نہ گرتی تو یہ حادثہ پیش نہ آتا۔ متوفی ایک کمسن بچہ تھا جو فٹ پاتھ پر کھیل رہا تھا۔‘‘ عدالتی فیس کے مقصد سے والدین نے ابتدا میں اپنے دعوے کی مالیت صرف ایک لاکھ روپے مقرر کی تھی، تاہم ٹریبونل نے سپریم کورٹ کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کی ذمہ داری ابتدائی دعوے سے آگے بڑھ کر متاثرہ خاندان کو مناسب اور منصفانہ معاوضہ فراہم کرنا ہے۔