نئی دہلی
سپریم کورٹ نے پیر کے روز گینگسٹر ابو سالم کی اُس عرضی پر سماعت سے انکار کر دیا، جس میں اس نے دعویٰ کیا تھا کہ اسے گزشتہ 10 ماہ سے زائد عرصے سے “غیر قانونی حراست” میں رکھا گیا ہے، حالانکہ وہ 1993 کے ممبئی دھماکوں کے معاملے میں دی گئی 25 سالہ سزا پہلے ہی پوری کر چکا ہے۔ 1993 کے ممبئی دھماکوں کے مجرم سالم کو طویل قانونی جدوجہد کے بعد 11 نومبر 2005 کو پرتگال سے حوالگی کے ذریعے واپس لایا گیا تھا۔
ہندوستان اور پرتگال کے درمیان ہونے والے حوالگی معاہدے کی شرائط کے مطابق، سالم کو سزائے موت نہیں دی جا سکتی اور اس کی قید کی مدت 25 برس سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔
سالم نے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کر کے اپنی رہائی کا مطالبہ کیا تھا، جس میں اس نے کہا تھا کہ اچھے برتاؤ پر ملنے والی رعایت کو شامل کیا جائے تو وہ 25 سال کی قید پہلے ہی کاٹ چکا ہے۔
ہائی کورٹ نے اس کی عرضی منظور کر لی تھی، تاہم کوئی عبوری راحت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
سپریم کورٹ نے پیر کے روز سماعت کے دوران سالم کے وکیل کو بتایا کہ ہائی کورٹ نے صرف عبوری راحت دینے سے انکار کیا تھا۔ بنچ نے کہا كہ جائیے اور آخرکار (ہائی کورٹ کے سامنے) اس معاملے پر بحث کیجیے۔ جب وکیل نے کہا کہ متعلقہ فریقین نے ہائی کورٹ میں اس عرضی پر پہلے ہی اپنے حلف نامے داخل کر دیے ہیں، تو بنچ نے کہا كہ حلف ناموں پر غور کرنے کے بعد ہائی کورٹ فیصلہ کرے گی۔
اعلیٰ عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ حلف نامے کے مطابق سالم اب تک 19 سال قید کی سزا کاٹ چکا ہے۔ جب سالم کے وکیل نے یہ دلیل دی کہ ان کا موکل 10 ماہ سے زائد عرصے تک “غیر قانونی حراست” میں رہا ہے، تو جسٹس ناتھ نے کہا كہ آپ کو (سالم کو) سماج کے لیے کچھ بھی اچھا نہ کرنے پر 25 سال کی سزا دی گئی ہے۔ آپ کو ٹاڈا کے تحت مجرم ٹھہرایا گیا ہے۔
بنچ نے اس عرضی کو واپس لی گئی مانتے ہوئے خارج کر دیا اور سالم کو یہ آزادی دی کہ وہ زیرِ التوا معاملے کی جلد سماعت اور فیصلے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کرے۔