رام مندر احاطے میں 70 میں سے تقریباً 60 تعمیراتی کام مکمل

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-08-2026
رام مندر احاطے میں 70 میں سے تقریباً 60 تعمیراتی کام مکمل
رام مندر احاطے میں 70 میں سے تقریباً 60 تعمیراتی کام مکمل

 



ایودھیا (اتر پردیش): رام مندر تعمیراتی کمیٹی کے چیئرمین نرپیندرمشرا نے جمعہ کو کہا کہ رام مندر احاطے میں منصوبہ بند تقریباً 70 تعمیراتی کاموں میں سے قریب 60 کام مکمل ہو چکے ہیں اور انہیں رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جو اب ان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سنبھالے گا۔

مندر تعمیراتی کمیٹی کے اجلاس کے دوسرے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مشرا نے کہا کہ رام مندر کی تعمیر کروڑوں عقیدت مندوں کے خواب کی تکمیل ہے۔ انہوں نے کہا، ’’طے کیے گئے تقریباً 70 تعمیراتی کاموں میں سے قریب 60 کام مکمل ہو چکے ہیں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ مکمل ہونے والے کام رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ کے حوالے کر دیے گئے ہیں، جو اب ان کی دیکھ بھال کا ذمہ دار ہوگا۔

مشرا نے کہا کہ برسات کے موسم میں پانی جمع ہونے کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مندر احاطے کے سیوریج اور ڈرینیج نظام کو مرکزی نالے سے جوڑنے کا کام بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اب میوزیم، آڈیٹوریم اور ٹرسٹ کے دفتر کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میوزیم کی گیلری نمبر سات پر تقریباً 5 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ میوزیم میں آنے والے زائرین سے داخلہ فیس لی جائے گی یا نہیں، اس کا فیصلہ مندر ٹرسٹ کرے گا۔

یہ معلومات مشرا کے ایک دن پہلے دیے گئے بیان کے بعد سامنے آئی ہیں، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مرکزی مندر احاطے میں تعمیراتی کام 30 ستمبر تک مکمل ہونے کی امید ہے، جبکہ لارسن اینڈ ٹوبرو (ایل اینڈ ٹی) اور ٹاٹا کے نمائندے 30 اکتوبر تک مندر احاطے سے چلے جائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ راجکیہ نرمان نگم کی جانب سے آڈیٹوریم اور میوزیم کی تعمیر مرکزی مندر احاطے میں کام مکمل ہونے کے بعد بھی جاری رہے گی اور اس کے مارچ 2027 تک مکمل ہونے کی امید ہے۔ مشرا کے مطابق میوزیم کی گیلری کے لیے اسکرپٹ اور اسٹوری لائن پہلے ہی تیار کی جا چکی ہیں، جبکہ آئی آئی ٹی مدراس کے ماہرین بعد میں انہیں ویڈیو کی شکل دیں گے۔ امید ہے کہ میوزیم کو اگلے سال فروری یا مارچ کے آس پاس زائرین کے لیے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مندر احاطے کے چاروں طرف چہار دیواری کی تعمیر کا کام دسمبر تک مکمل ہونے کی امید ہے۔