رامپور: سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنما اعظم خان اور ان کے خاندان کو ایک بار پھر قانونی جھٹکا لگا ہے۔ اعظم خان کے بیٹے اور سابق رکن اسمبلی عبداللہ اعظم کو دو پاسپورٹ رکھنے کے معاملے میں رامپور کی ایم پی/ایم ایل اے کورٹ نے سات سال قید اور 50,000 روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
یہ معاملہ سال 2019 میں درج کیا گیا تھا۔ بی جے پی کے شہر کے رکن اسمبلی آکاش سکسینا نے عبداللہ اعظم کے خلاف یہ مقدمہ درج کرایا تھا۔ عبداللہ اعظم پر دو مختلف تاریخ پیدائش استعمال کر کے دو پاسپورٹ بنوانے کا الزام تھا۔ ان کے خلاف بھارتیہ دَنڈ سنہیتا (IPC) کی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جیسے: 420 (دھوکہ دہی) ، 467 (قیمتی دستاویزات میں جعلسازی) ، 468 (دھوکہ دہی کے مقصد سے جعلسازی) اور 471 (جعلی دستاویزات کا استعمال)۔
اسی معاملے میں رامپور کی خصوصی ایم پی/ایم ایل اے کورٹ نے عبداللہ اعظم کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے سات سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ عبداللہ اعظم کو یہ سزا اس وقت سنائی گئی ہے، جب وہ پہلے ہی اپنے والد اعظم خان کے ساتھ رامپور کی ضلعی جیل میں قید ہیں۔
والد و بیٹے دونوں کو دو پین کارڈز کے معاملے میں عدالت سے سزا سننے کے بعد جیل میں رکھا گیا ہے۔ آج پاسپورٹ کے معاملے میں عبداللہ اعظم کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا اور انہیں سزا سنائی گئی۔