نئی دہلی- پبلی کیشنز ڈویژن، وزارت برائے اطلاعات و نشریات، حکومت ہند نے عبدالمنان کو اپنے مؤقر اردو ماہنامہ ’آجکل‘ کا مدیر نامزد کیا ہے اس اطلاع پراردو دنیا میں مسرت کا اظہار کیا جا رہا ہے اور یہ امید کی جا رہی ہے کہ گذشتہ کئی برسوں سے جمود کا شکار یہ رسالہ اپنے تابناک ماضی کی جلد بازیافت کر لے گا واضح رہے کہ اردو کے اس سرکاری رسالے کی ادارت سے درجنوں ممتاز ادیب و شعرا وابستہ رہے ہیں جن میں جوش ملیح آبادی، عرش ملسیانی، معین احسن جذبی، شان الحق حقی، راج نارائن راج، محبوب الرحمن فاروقی، ابرار رحمانی اور خورشید اکرم وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔
مسٹرعبدالمنان ایک طویل ادبی اور صحافتی تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ قبل ازیں پبلی کیشنز ڈویژن کے ماہنامہ ’یوجنا‘ کے انگریزی اور اردو دونوں زبانوں کے مدیر رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وزارت برائے اطلاعات و نشریات کے مختلف رسائل میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ وزارت برائے اطلاعات و نشریات کے مہم افسر اور 'سینک سماچار' (وزارت دفاع) کے سب ایڈیٹر کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔ انھوں نے فیلڈ ایگزی بیشن افسر کے طور پر دہلی اور جموں میں اپنی انتظامی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ڈی ڈی نیوز، دہلی سے 6 سال وابستہ رہے اور اس دوران ایک قلیل مدت کے لیے دور درشن کی علاقائی نیوز اکائی، رانچی کے نیوز ایڈیٹر اور آر این یو انچارج بھی رہے۔ عبدالمنان ایک طویل صحافتی تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کا تعلق بیک وقت اخبارات و رسائل، ریڈیو اور ٹیلی ویژن تینوں وسائل ابلاغ سے رہا ہے۔
انھوں نے فیچر اینڈ نیوز الائنس (فانا)، روزنامہ 'عوام'، روزنامہ 'سب کا اخبار' اور ماہنامہ 'افکار ملی' میں سب ایڈیٹر کی حیثیت سےکام کیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ جزوقتی طور پر آل انڈیا ریڈیو سے کئی حیثیتوں سے منسلک رہے۔ انھوں نے آل انڈیا ریڈیو میں مختلف مواقع پر بطور بُلیٹن ایڈیٹر، سب ایڈیٹر، کمینٹری ٹرانسلیٹر اور ڈسٹرکٹ پروفائل سیریز کے پہلے رائٹر کے بطور بحسن و خوبی اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔