سیلاب زدگان کے لئے ’آپ ایم ایل اے ،ایم پی ایک ماہ کی تنخواہ دیں گے: کیجریوال

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 02-09-2025
سیلاب زدگان کے لئے ’آپ ایم ایل اے ،ایم پی ایک ماہ کی تنخواہ دیں گے: کیجریوال
سیلاب زدگان کے لئے ’آپ ایم ایل اے ،ایم پی ایک ماہ کی تنخواہ دیں گے: کیجریوال

 



نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (’آپ‘) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے منگل کو کہا کہ پارٹی کے ارکانِ اسمبلی اور ارکانِ پارلیمنٹ پنجاب میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے وزیرِ اعلیٰ ریلیف فنڈ میں ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپ لوڈ کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں کیجریوال نے تمام سیاسی جماعتوں اور مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ پنجاب کے سیلاب متاثرہ لوگوں کی مدد کریں۔

ویڈیو کے ساتھ پوسٹ میں انہوں نے کہا، ’’پنجاب ہمیشہ ملک کے سامنے آنے والے کسی بھی بحران کا ڈٹ کر مقابلہ کرتا رہا ہے، لیکن آج خود یہ ریاست بحران میں ہے۔ میں تمام ہم وطنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس مشکل گھڑی میں پنجاب کے عوام کی ہر ممکن مدد کریں۔‘

‘ انہوں نے کہا، ’’عام آدمی پارٹی کے تمام ارکانِ پارلیمنٹ اور ارکانِ اسمبلی پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ ریلیف فنڈ میں اپنی ایک ماہ کی تنخواہ دے رہے ہیں۔ آئیے سب مل کر متحد ہوں اور پنجاب کو اس بھیانک آفت سے نکالنے میں مدد کریں۔‘‘ پنجاب اس وقت شدید سیلاب کی زد میں ہے۔

ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر کے آبی ذخیرہ علاقوں میں ہونے والی بھاری بارش کے باعث ستلج، بیاس اور راوی دریاؤں سمیت برساتی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ جانے سے یہ سیلاب آیا ہے۔ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ گاؤں پٹھانکوٹ، گرداسپور، فاضلکہ، کپور تھلہ، ترن ترن، فیروزپور، ہوشیارپور اور امرتسر اضلاع میں ہیں۔