آدھار پوری شہریت کا ثبوت نہیں ہے: سپریم کورٹ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 27-11-2025
آدھار پوری شہریت کا ثبوت نہیں ہے: سپریم کورٹ
آدھار پوری شہریت کا ثبوت نہیں ہے: سپریم کورٹ

 



نئی دہلی: ملک بھر میں جاری ووٹر لسٹ کے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے دراندازوں کے مسئلے پر تشویش ظاہر کی۔ بدھ کو سماعت کے دوران عدالت نے پوچھا کہ کیا محض آدھار کارڈ ہولڈر ہونے کی بنیاد پر کسی غیر بھارتی شہری کو بھی انتخابات میں شامل ہونے کا حق دے دینا چاہیے؟

عدالت نے واضح کہا کہ آدھار کا مقصد تمام افراد تک سماجی فلاحی اسکیموں کے فوائد پہنچانا ہے، لیکن یہ ووٹ ڈالنے کا حق نہیں دے سکتا۔ چیف جسٹس سوریا کانت اور جسٹس جوی مالیہ باگچی کی بنچ نے کہا کہ آدھار پوری شہریت کا ثبوت نہیں ہے، اسی لیے اسے SIR کے لیے صرف ایک اضافی دستاویز کے طور پر شامل کرنے کی بات کہی گئی تھی۔

چیف جسٹس سوریا کانت نے کہا: اگر آدھار کسی کو راشن حاصل کرنے کا حق دیتا ہے، تو کیا اسے ووٹ ڈالنے کا بھی حق مل جانا چاہیے؟ فرض کریں کہ کوئی پڑوسی ملک کا شخص یہاں کام کرنے کے لیے رہ رہا ہو تو پھر کیا ہوگا؟ عدالت نے واضح کیا کہ آدھار کو شہریت کا حتمی ثبوت نہیں مانا جا سکتا۔

اس کے مقاصد محدود ہیں۔ عدالت نے اس تجویز سے بھی اتفاق نہیں کیا کہ الیکشن کمیشن کو ڈاکخانے کی طرح کام کرتے ہوئے فارم-6 کی ہر درخواست کو خودکار طور پر قبول کر لینا چاہیے۔ عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ووٹر لسٹ میں نام درج کرانے کے لیے فارم-6 کے ساتھ دیے گئے دستاویزات کی درستگی کی جانچ کرے۔ بنچ نے کہا: الیکشن کمیشن کوئی پوسٹ آفس نہیں ہے۔

سماعت کے دوران کچھ درخواست گزاروں کی جانب سے سینئر وکیل کپِل سبل نے کہا کہ SIR کا عمل جمہوریت کو متاثر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ SIR کا عمل عام ووٹرز پر غیر آئینی بوجھ ہے، کیونکہ بہت سے ووٹر ایسے ہیں جو پڑھنا لکھنا نہیں جانتے، اور اگر وہ فارم نہیں بھرتے تو وہ ووٹر لسٹ سے خارج ہو جائیں گے۔ انہوں نے عدالت سے کہا کہ اگر کسی کا نام لسٹ سے نکالا جائے تو اس کے لیے منصفانہ اور مناسب طریقہ کار ہونا چاہیے۔

کپِل سبل نے مزید کہا کہ آدھار شہریت کا ثبوت نہیں ہے، لیکن یہ امکان ضرور پیدا کرتا ہے کہ کارڈ رکھنے والا شخص شہری ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا: اگر آپ کسی سے آدھار واپس لینا چاہتے ہیں تو یہ عمل اختیار کریں اور اس عمل کو عدالت کے سامنے درست ثابت ہونے دیں۔