*میلاد النبی ﷺ پر داؤدی بوہرہ برادری کی جانب سے حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کو خراجِ عقیدت*
ممبئی: ممبئی کے تاریخی علاقے بھنڈی بازار میں میلاد النبی ﷺ کے موقع پر خوشی کا ماحول نظر آیا۔ ہزاروں داؤدی بوہرہ افراد نے نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی خوشی منانے کے لیے شرکت کی۔ یہ تقریب برادری کی ایک قدیم اور اہم روایت کا حصہ ہے۔
میلاد النبی ﷺ کی شب داؤدی بوہرہ برادری کے 53ویں روحانی پیشوا، عالی جاہ سیدنا مفضل سیف الدین نے روضۃ طاہرہ کمپلیکس میں منعقدہ پُرمسرت جلوس کی سرپرستی فرمائی۔ اس جلوس میں رنگ برنگے لباس پہنے ہوئے بچے اور مختلف موضوعات پر تیار کیے گئے خوبصورت مظاہرے شامل تھے۔ برادری کے بینڈز نے بھی اپنی دھنوں سے جشن کے ماحول کو مزید خوشگوار بنا دیا۔

اگلی صبح داؤدی بوہرہ برادری کے افراد اپنے مقامی مساجد اور کمیونٹی سینٹرز میں جمع ہوئے، جہاں انہوں نے برادری کے 52ویں روحانی پیشوا، عالی جاہ سیدنا محمد برہان الدین کی ریکارڈ شدہ تقریر سنی۔ اس تقریر میں نبی کریم ﷺ کی زندگی، آپ ﷺ کی خدمات اور تعلیمات کو بیان کیا گیا تھا۔ اس میں برادری کے 51ویں روحانی پیشوا سیدنا طاہر سیف الدین کی ایک تقریر کے آڈیو کلپس بھی شامل تھے۔
ممبئی سے تعلق رکھنے والے برادری کے رکن حسین پونا والا نے کہا:
"نبی کریم ﷺ کی زندگی اور تعلیمات—رحم دلی، انصاف اور انسانیت—ہر مسلمان کے لیے رہنمائی کا روشن ذریعہ ہیں۔ ہمیں مسلسل یہ یاد دلایا جاتاk ہے کہ ہم اپنی روزمرہ زندگی میں ان تعلیمات پر عمل کریں اور ایسے ذمہ دار شہری بنیں جو معاشرے کی بہتری میں مثبت کردار ادا کریں۔"
دنیا کے مختلف ممالک میں بھی داؤدی بوہرہ برادریوں نے میلاد النبی ﷺ کی تقریبات منعقد کیں۔ ہر جگہ کی تقریبات میں مقامی روایات اور انداز کی جھلک نظر آئی، لیکن سب میں نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی زندگی اور تعلیمات کو یاد کرنے کا ایک ہی جذبہ نمایاں رہا۔