بریلی/ آواز دی وائس
بریلی پولیس نے گزشتہ ماہ ’آئی لو محمد‘ مہم کے دوران ہوئے فساد کے اہم ملزم، اتحادِ ملت کونسل (آئی ایم سی) کے سربراہ مولانا توقیر رضا خاں کے سات مفرور ساتھیوں پر 15-15 ہزار روپے کا انعام مقرر کیا ہے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) انوراگ آریہ نے پیر کو بتایا کہ 26 ستمبر کو ہوئے تشدد کے بعد درج رپورٹ میں ان ساتوں کے نام شامل ہیں۔ ان میں آئی ایم سی کے رہنما ساجد سکلانی، التمس راجا، افضل بیگ، نایاب، ببلو خاں، ندیم اور عدنان سکلانی شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ساجد اور التمس بارادری تھانے میں درج مقدمات میں مطلوب ہیں، جبکہ افضل بیگ قلعہ اور بارادری تھانوں میں درج معاملات میں مفرور ہے۔ نایاب اور ببلو خاں بارادری تھانے کے ہسٹری شیٹر ہیں، جبکہ ندیم پر اجتماعی زیادتی کا الزام بھی ہے۔
عدنان سکلانی پر الزام ہے کہ اس نے نوجوانوں کو تشدد میں شامل ہونے کے لیے اکسانے کا کام کیا۔ ایس ایس پی آریہ نے بتایا کہ مفرور افراد کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تشدد میں شامل کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا اور جلد گرفتاریاں ہوں گی۔
واضح رہے کہ بریلی میں گزشتہ ماہ 26 ستمبر کو جمعہ کی نماز کے بعد ’آئی لو محمد‘ مہم کو لے کر تشدد بھڑک اٹھا تھا۔ احتجاج کے دوران خلیل تیراہے پر پولیس اور ہجوم کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔
پولیس تفتیش میں انکشاف ہوا کہ آئی ایم سی کے بعض رہنماؤں نے احتجاج کی آڑ میں فسادات کی مبینہ سازش رچی تھی۔ پولیس اب تک آئی ایم سی کے سربراہ مولانا توقیر رضا خاں سمیت 80 سے زائد ملزمان کو گرفتار کر چکی ہے۔ اس واقعے کے سلسلے میں کوتوالی، کینٹ، بارادری، پریم نگر اور قلعہ تھانوں میں 10 مقدمے درج کیے گئے ہیں۔