نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستان کے موجودہ وزیر داخلہ امت شاہ نے ایک خاص ریکارڈ اپنے نام کیا ہے، جس پر وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کی خوب تعریف کی ہے۔ امت شاہ کا یہ کارنامہ اتنا نمایاں ہے کہ سابق وزرائے داخلہ جیسے لال کرشن اڈوانی، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور گووند بلبھ پنت بھی اس معاملے میں پیچھے رہ گئے۔
درحقیقت، امت شاہ کو ہندوستان کے وزیر داخلہ کے طور پر سب سے زیادہ دنوں تک کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے اس عہدے پر 2,258 دن مکمل کر لیے ہیں۔
این ڈی اے اجلاس میں مودی نے دی اطلاع
یہ اطلاع 5 اگست یعنی آج (منگل) کو ہو رہی این ڈی اے اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ کے دوران وزیر اعظم مودی نے دی۔ انہوں نے امت شاہ کی دیرینہ خدمات کا ذکر کرتے ہوئے ان کے ریکارڈ پر روشنی ڈالی۔ امت شاہ نے 23 مئی 2019 کو ہندوستان کے وزیر داخلہ کے طور پر اپنا عہدہ سنبھالا تھا۔
جبکہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی حکومت میں وزیر داخلہ رہنے والے لال کرشن اڈوانی نے 2,256 دن اس عہدے پر کام کیا تھا۔ ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے 1,218 دن تک خدمات انجام دیں۔
اہم قوانین کی منظوری
وزیر اعظم مودی کے دوسرے دور حکومت میں وزیر داخلہ بننے کے بعد امت شاہ نے کئی اہم اور تاریخی اقدامات کیے۔ سب سے بڑا اقدام 5 اگست 2019 کو دفعہ 370 کو ختم کرنے کا اعلان تھا۔ اسی دور میں شہریت ترمیمی قانون کو بھی پارلیمنٹ سے منظور کرایا گیا اور یونیفارم سول کوڈ کی بنیاد رکھی گئی۔
طویل سیاسی سفر
وزیر داخلہ بننے سے پہلے، امت شاہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔ 2014 میں نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد جب راج ناتھ سنگھ کو وزیر داخلہ بنایا گیا، تو امت شاہ کو پارٹی کا قومی صدر بنایا گیا۔
اس سے قبل جب نریندر مودی گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے، تب امت شاہ ریاستی حکومت میں وزیر داخلہ سمیت کئی اہم وزارتوں کے ذمے دار تھے۔