نئی دہلی/ آواز دی وائس
پہلی ’میڈ اِن انڈیا‘ چِپ، جی ہاں، ہندوستان نے 32-بِٹ مائیکرو پروسیسر کو ’’سیمیکون انڈیا 2025‘‘ میں لانچ کیا ہے۔ یہ ہندوستان میں بنی پہلی مکمل طور پر مقامی چِپ ہے۔ اس چِپ کا نام ہے ’’وِکرم‘‘۔ اس چِپ کو مرکزی وزیر برائے الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اشوِنی ویشنو نے لانچ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی بھی موجود تھے۔ اشوِنی ویشنو نے کہا کہ یہ کسی بھی ملک کے لیے فخر کا لمحہ ہے، آج ہندوستان نے یہ سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ یہ اہم کامیابی ہمارے معزز وزیراعظم نریندر مودی کی دوراندیشی، مضبوط ارادے اور فیصلہ کن اقدامات کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔
خلاء اور دفاعی شعبے میں مددگار
سیمیکون انڈیا 2025‘‘ کانفرنس میں مرکزی وزیر اشوِنی ویشنو نے وزیراعظم مودی کو ’’وِکرم‘‘ 32-بِٹ پروسیسر اور چار منظور شدہ سیمی کنڈکٹر پروجیکٹس کے ٹیسٹ چِپس پیش کیے۔ ’’وِکرم‘‘ ہندوستان کا پہلا مکمل طور پر دیسی 32-بِٹ مائیکرو پروسیسر ہے، جسے اسرو کی سیمی کنڈکٹر لیب نے تیار کیا ہے۔ یہ پروسیسر لانچ وہیکلز کی سخت ماحولیاتی صورتحال میں کام کرنے کے لیے سند یافتہ ہے، جو اسے خلائی اور دفاعی شعبے کے لیے نہایت موزوں بناتا ہے۔
وِکرم چِپ کہاں بنی؟
۔28 اگست کو سانند میں سی جی سیمی کی پائلٹ لائن کا افتتاح وزیر اشوِنی ویشنو نے کیا تھا، یہی پر یہ چِپ تیار کی گئی ہے۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ ملک میں پانچ سیمی کنڈکٹر یونٹس پر کام جاری ہے، جن میں سے ایک کی پائلٹ لائن مکمل ہو چکی ہے اور دو دیگر جلد ہی پیداوار شروع کریں گی۔ یہ ہندوستان کی سیمی کنڈکٹر خودکفالت کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم مودی کی دوراندیش سوچ کے نتیجے میں ہندوستان نے سیمی کنڈکٹر مشن کا آغاز کیا اور صرف ساڑھے تین برسوں میں عالمی سطح پر ہندوستان پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
اس موقع پر عالمی سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے ہندوستان کی مستحکم پالیسیوں اور بڑھتی ہوئی ملکی مانگ کو سرمایہ کاری کے لیے مثالی قرار دیا۔ گزشتہ دہائی میں الیکٹرانکس کی پیداوار چھ گنا اور برآمدات آٹھ گنا بڑھ گئی ہیں۔ خاص طور پر ’’وِکرم‘‘ پروسیسر ہندوستان کی سیمی کنڈکٹر خواہشات کی محض شروعات ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا کے تقریباً 20 فیصد چِپ ڈیزائن انجینئر ہندوستان میں کام کرتے ہیں، جس سے ہندوستان عالمی سیمی کنڈکٹر ڈیزائن کا ایک اہم مرکز بن چکا ہے۔
اس شعبے میں کوالکوم، انٹیل، این ویڈیا، براڈکوم اور میڈیاٹیک جیسی عالمی کمپنیاں بنگلورو، حیدرآباد اور نوئیڈا میں بڑے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ اور ڈیزائن مراکز قائم کر چکی ہیں۔ ہندوستانی حکومت نے 2021 میں ’’سیمیکون انڈیا پروگرام‘‘ کے تحت 76,000 کروڑ روپے کی ترغیبی اسکیم شروع کی، تاکہ عالمی مینوفیکچرنگ کمپنیوں کو راغب کیا جا سکے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ہندوستان کی سب سے چھوٹی چِپ دنیا میں سب سے بڑا انقلاب لائے گی۔ قومی دارالحکومت میں ’’سیمیکون انڈیا 2025‘‘ کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان سیمی کنڈکٹر صنعت کے صرف بیک اینڈ سے آگے بڑھ رہا ہے اور اب عالمی سطح پر مسابقتی اور خودکفیل بننے کے لیے ایک مکمل فُل اسٹیک ایکو سسٹم تشکیل دے رہا ہے۔