نئی دہلی/ آواز دی وائس
لدھیانہ سے دہلی جا رہی غریب رتھ ٹرین میں ہفتے کی صبح ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ پنجاب کے سرہند اسٹیشن کے قریب پہنچتے ہی ٹرین نمبر 12204 امرتسر۔سہرسہ کے ایک ڈبے میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، یہ آگ 19 نمبر بوگی میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ اس ٹرین میں لدھیانہ کے کئی تاجر سفر کر رہے تھے۔ آگ لگتے ہی وہاں افرا تفری مچ گئی۔ لوکو پائلٹ نے فوری ہوشیاری دکھاتے ہوئے ایمرجنسی بریک لگا کر ٹرین کو فوراً روک دیا، جس کے بعد بوگی میں سوار مسافر اپنا سامان لے کر جلدی سے نیچے اتر گئے۔ اس دوران جلدبازی میں اترنے کے دوران کئی مسافروں کو چوٹیں بھی آئیں۔
ٹرین میں آگ لگتے ہی مسافروں میں مچ گئی افرا تفری
یہ واقعہ صبح 7 بجے کے قریب پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی ریلوے اور پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ آگ پر قابو پانے میں تقریباً ایک گھنٹہ لگ گیا۔ آگ میں ایک خاتون کے جھلسنے کی بھی خبر ہے۔ مسافروں کے مطابق، ٹرین نے صبح 7:30 بجے سرہند اسٹیشن کراس کیا تھا، اسی دوران ایک مسافر نے بوگی نمبر 19 سے دھواں اٹھتا دیکھا۔ اس نے فوراً شور مچاتے ہوئے چین کھینچ دی۔ دھوئیں کے ساتھ شعلے بھی اٹھنے لگے تو خوف و ہراس پھیل گیا۔
کئی مسافر زخمی، کئی کا سامان بوگی میں ہی رہ گیا
آگ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے، فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی و بچاؤ کارروائی شروع کر دی۔ وہاں بھگدڑ مچنے کے باعث مسافر بوگی سے اترنے لگے۔ اس دوران کئی مسافر زخمی ہو گئے، اور جلدی میں کچھ لوگوں کا سامان بوگی میں ہی رہ گیا۔ بوگی نمبر 19 میں آگ دیکھتے ہی آس پاس کی بوگیوں کے مسافر بھی خوف کے مارے نیچے اتر آئے۔ اسی دوران ٹرین کے ٹی ٹی ای اور پائلٹ بھی موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے فوراً واقعے کی اطلاع ریلوے کنٹرول روم کو دی۔
آگ لگتے ہی مسافروں کو دوسری بوگیوں میں منتقل کیا گیا
واقعے کا پتہ چلتے ہی ریلوے حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسافروں کو دوسری بوگیوں میں منتقل کر دیا اور جلد ہی آگ پر قابو پا لیا گیا۔ ٹرین جلد ہی اپنے منزل کی طرف روانہ ہوگی۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔