دہلی ایئرپورٹ پر بڑا حادثہ ٹلا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 15-01-2026
دہلی ایئرپورٹ پر بڑا حادثہ ٹلا
دہلی ایئرپورٹ پر بڑا حادثہ ٹلا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے جمعرات (15 جنوری 2026) کو ایئر انڈیا کی نیویارک جانے والی اے350 پرواز دہلی سے روانہ ہوئی تھی، لیکن ایران کی فضائی حدود اچانک بند ہونے کے باعث کچھ ہی دیر بعد اسے واپس دہلی لوٹنا پڑا۔ ایئر انڈیا کے مطابق، محفوظ لینڈنگ کے بعد جب طیارہ شدید دھند کے دوران رن وے پر ٹیکسی کر رہا تھا، اسی وقت ایک گراؤنڈ کنٹینر اس کے دائیں انجن کے قریب آ گیا اور اس سے ٹکرا گیا۔
اس واقعے کے بعد طیارے کو فوراً مقررہ پارکنگ اسٹینڈ پر منتقل کر دیا گیا۔ ایئر انڈیا کے ترجمان نے کہا کہ یہ کسی بیرونی شے سے ٹکرانے کا معاملہ ہے، جس کی مکمل تکنیکی جانچ کی جا رہی ہے۔ طیارے کے دائیں انجن کو نقصان پہنچا ہے۔ احتیاطی تدبیر کے طور پر طیارے کو فی الحال گراؤنڈ کر دیا گیا ہے تاکہ ضروری معائنہ اور مرمت کی جا سکے۔ اس وجہ سے کچھ اے350 روٹس کی پروازیں متاثر ہو سکتی ہیں۔
اس واقعے سے متعلق ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے، جس میں طیارے کو رن وے پر کھڑا دیکھا جا سکتا ہے اور گراؤنڈ اسٹاف اس کے ارد گرد موجود ہے۔ ویڈیو میں انجن کے قریب ٹکراؤ کے نشانات بھی نظر آ رہے ہیں۔ کمپنی نے کہا کہ ایئر انڈیا اپنے مسافروں کو ہونے والی پریشانی پر افسوس کا اظہار کرتی ہے اور ان کی سہولت کے مطابق متبادل سفری انتظامات اور ریفنڈ فراہم کرنے میں سرگرم ہے۔ ایئر انڈیا کے لیے حفاظت اولین ترجیح ہے اور ایئرلائن اس وقت مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ ایران نے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں، جس کے باعث طیارے کو دہلی واپس لینڈنگ کرانی پڑی۔ طیارے کو فی الحال تفصیلی جانچ اور ضروری مرمت کے لیے گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔ امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ فوجی کارروائی کے خدشات کے سبب تقریباً پانچ گھنٹے تک فضائی حدود بند رہنے کے بعد ایران نے اپنی فضائی حدود دوبارہ کھول دی۔