ایودھیا: رام مندر کے پہلے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے انتخاب کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی شری رام جنم بھومی تیرتھ کھیتر ٹرسٹ کو تین ناموں کی فہرست سونپ سکتی ہے۔ مندر سے وابستہ ذرائع نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ رام مندر ٹرسٹ کے صدر نرتیہ گوپال داس کی منی رام داس چھاؤنی میں واقع رہائش گاہ پر بدھ کو ہونے والی میٹنگ میں مندر کے پہلے سی ای او کے انتخاب پر فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔
انتخابی کمیٹی کے ارکان ریٹائرڈ جج پرمود کوہلی، ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل وشنو کانت چترویدی اور ماہر رکن سریش ہاورے ایودھیا پہنچ چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بدھ کو ٹرسٹ میں تین خالی عہدوں، یعنی دو ارکان اور جنرل سکریٹری کے لیے بھی ناموں کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ ٹرسٹ کے رکن وملندر موہن پرتاپ مشرا کے انتقال اور چڑھاوے کی مبینہ چوری کے معاملے کے بعد ٹرسٹ کے سابق جنرل سکریٹری چمپت رائے اور انل مشرا کے استعفے سے یہ تین عہدے خالی ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بدھ کو ٹرسٹ کی میٹنگ میں سکریٹری کے عہدے کے بارے میں بھی باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ جگدیش آفَلے مندر ٹرسٹ کے پہلے سکریٹری ہوں گے۔
مہاراشٹر کے رہنے والے آفَلے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے وابستہ ہیں اور رام مندر تعمیراتی منصوبے کے پروجیکٹ مینیجر ہیں۔ پونے کے رہنے والے آفَلے نے الیکٹریکل انجینئرنگ میں بی ٹیک اور آئی آئی ٹی بمبئی سے ایم ٹیک کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے ہندوستان، یورپ اور امریکہ میں کام کیا اور ریٹائرمنٹ کے بعد ہندوستان واپس آئے۔ ذرائع کے مطابق آفَلے نے آر ایس ایس کی سفارش پر رام مندر تعمیراتی منصوبے میں اعزازی پروجیکٹ مینیجر کے طور پر کام شروع کیا تھا۔ تب سے وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ ایودھیا میں واقع شری رام جنم بھومی تیرتھ کھیتر احاطے میں رہ رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے بین الاقوامی جنرل سکریٹری بجرنگ لال بانگڑا کو بھی ٹرسٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ٹرسٹ کے خزانچی گووند دیو گری سے جب پوچھا گیا کہ کیا بدھ کو نئے سی ای او کے نام کا اعلان ہوگا، تو انہوں نے کہا، ’’یہ ٹرسٹ کو طے کرنا ہے۔ مجھے امید ہے کہ ایسا ہوگا، لیکن ٹرسٹی بورڈ یہ فیصلہ کرے گا کہ ایسا کرنا ہے یا نہیں۔‘
‘ گری نے کہا، ’’ہم نے اس تین رکنی انتخابی کمیٹی سے رہنمائی اس لیے مانگی تھی کیونکہ ہم اتنے بڑے اور عالمی شہرت یافتہ مندر کے بہتر انتظام کے لیے ایک بہترین سی ای او کی تلاش میں تھے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کو تقریباً 5,500 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ پہلے 3,000 درخواستوں کو چھانٹا گیا، پھر 1,500 امیدواروں کو فہرست میں شامل کیا گیا اور آخر میں 16 امیدواروں کا ذاتی طور پر انٹرویو لیا گیا۔
شری رام جنم بھومی تیرتھ کھیتر ٹرسٹ نے 6 جولائی کو ایودھیا میں رام مندر کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹرسٹ نے تسلیم کیا تھا کہ چڑھاوے کی چوری سے اس کی شبیہ کو نقصان پہنچا ہے۔ عقیدت مندوں کا اعتماد بحال کرنے کے عزم کے ساتھ ٹرسٹ نے سی ای او کے انتخاب کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اس میں ریٹائرڈ جسٹس پردیپ کوہلی، ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل وشنو کانت چترویدی اور شری سائی بابا سنستھان ٹرسٹ کے سابق صدر سریش ہاورے شامل ہیں۔