کورٹ میں جج -وکیل کے درمیان ہوئی بحث

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-10-2025
کورٹ میں جج -وکیل کے درمیان ہوئی بحث
کورٹ میں جج -وکیل کے درمیان ہوئی بحث

 



رائےپور/ آواز دی وائس
جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز وکیل مہیش تیواری کے خلاف فوجداری توہین عدالت  کا مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ کارروائی اس لیے کی گئی کیونکہ مہیش تیواری نے اوپن کورٹ میں جج راجیش کمار سے سخت بحث کی تھی۔ عدالت کی کارروائی یوٹیوب پر براہِ راست نشر کی جا رہی تھی، جس کا ویڈیو بعد میں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔
واقعے کی ابتدا 16 اکتوبر کو ہوئی
۔16 اکتوبر کو جسٹس راجیش کمار کو مخاطب کرتے ہوئے وکیل تیواری نے کہا کہ میں اپنی مرضی سے بحث کر سکتا ہوں، آپ کے طریقے سے نہیں۔ براہِ کرم خیال رکھیں، کسی وکیل کی توہین کرنے کی کوشش نہ کریں، میں آپ کو خبردار کر رہا ہوں۔ مہودے، کسی کو ذلیل کرنے کی کوشش نہ کریں۔ عدلیہ کے ساتھ ملک جل رہا ہے، یہ میرے الفاظ ہیں۔ آپ بہت کچھ جانتے ہوں گے، آپ جج ہیں؛ ہم وکیل ہیں، مگر میں اپنے طریقے سے بحث کروں گا۔ حد مت پار کیجیے۔ میں گزشتہ 40 برسوں سے پریکٹس کر رہا ہوں۔
ہائی کورٹ نے از خود نوٹس لیا
ایک دن بعد چیف جسٹس ترلوک سنگھ چوہان، جسٹس سوجیت نارائن پرساد، جسٹس رونگون مکھوپادھیائے، جسٹس آنند سین اور جسٹس راجیش شنکر پر مشتمل پانچ رکنی بنچ نے "کورٹ آن اِٹس اون موشن بنام مہیش تیواری" عنوان سے فوجداری توہین عدالت کے مقدمے کی سماعت کی۔ اس معاملے میں جاری حکم کی نقل فی الحال دستیاب نہیں ہو سکی۔ اگلی سماعت 11 نومبر کو مقرر کی گئی ہے۔
تنازع کی بنیاد ایک بجلی کنکشن کا مقدمہ
یہ مبینہ توہین عدالت کا واقعہ جسٹس راجیش کمار کی سنگل بنچ کے سامنے اس وقت پیش آیا جب عدالت ایک خاتون کے مقدمے کی سماعت کر رہی تھی، جس کا بجلی کنکشن کاٹ دیا گیا تھا اور بجلی بورڈ نے 1.30 لاکھ روپے سے زائد رقم جمع کرنے کا نوٹس دیا تھا۔ خاتون عرضی گزار، پشپا کماری، کی پیروی وکیل مہیش تیواری کر رہے تھے۔ مختصر سماعت کے بعد عدالت نے 50 ہزار روپے جمع کرنے کی شرط پر بجلی بحال کرنے کا حکم دیا۔
اس سے پہلے تیواری نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کی مؤکلہ کی حالتِ زار اور آنے والی دیوالی کو مدنظر رکھتے ہوئے 10 سے 15 ہزار روپے جمع کرنے کی اجازت دی جائے۔ اس پر جسٹس کمار نے کہا کہ نہیں، اتنی مجبوری نہیں۔ ہم انصاف کرنے نہیں بیٹھے ہیں، ہمیں قانون کے مطابق چلنا ہوگا۔ انصاف قانون کے دائرے میں ہی ہونا چاہیے۔ میں رحم کی عدالت نہیں، قانون کی عدالت ہوں۔ مناسب رقم جمع کرنے پر ہی نرمی ممکن ہے۔
بحث کے دوران ماحول کشیدہ ہوا
بل کی رقم پر بحث کرتے ہوئے تیواری نے کہا کہ بورڈ زیادہ سے زیادہ 15 ہزار روپے مانگ سکتا تھا، کیونکہ ماہانہ بل 200 روپے سے کم تھا، لیکن اب وہ 350 سے 450 روپے تک مانگ رہے ہیں۔ اس پر جسٹس کمار نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے طنزیہ لہجے میں کہا کہ تیواری جی، میں کھوپڑی خالی کرکے نہیں بیٹھا ہوں، کھوپڑی میں کچھ ہے۔ بعد ازاں تیواری نے انسانی بنیادوں پر نرمی کی درخواست کی اور کہا کہ ان کی مؤکلہ 50 ہزار روپے کا انتظام کر لیں گی۔ عدالت نے رقم کے جمع ہونے پر کنکشن بحال کرنے کا حکم دیا۔
تنازعہ اگلے مقدمے میں بڑھ گیا
سننے میں آیا کہ بعد کی کارروائی کے دوران، جب عدالت ایک اور بے دخلی کے مقدمے کی سماعت کر رہی تھی، جسٹس کمار نے ایک اور وکیل سے گفتگو کے دوران کچھ تبصرے کیے جو بظاہر پچھلے کیس اور مہیش تیواری سے متعلق تھے۔ جج نے کہا کہ آپ صرف یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ بیوہ ہے، بے سہارا ہے، لہٰذا اگر ہم اسٹے نہیں دیں گے تو عدالت ناانصافی کرے گی۔ یہ کیسی بحث ہو رہی ہے؟ اس موقع پر عدالت نے اسٹیٹ بار کونسل کے صدر کی طرف دھیان مبذول کیا اور کہا، “کیا آپ کے وکیل اسی طرح بحث کریں گے؟ یہ سن کر تیواری، جو اب بھی عدالت میں موجود تھے، آگے بڑھے اور پوچھا کہ کیا یہ تبصرہ ان کے لیے تھا۔ جسٹس کمار نے اثبات میں جواب دیا۔ تیواری نے کہا کہ وہ اپنے انداز میں ہی بحث کریں گے۔ جج نے کہا کہ وکیل یہ نہیں کہہ سکتا کہ عدالت ناانصافی کر رہی ہے۔ تیواری نے کہا کہ انہوں نے ایسا نہیں کہا۔ اس کے بعد دوسرے وکلاء نے صورتِ حال کو سنبھالنے کی کوشش کی، اور فوراً ہی عدالت کی کارروائی کا لائیو اسٹریم روک دیا گیا۔
بعد میں اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔