نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کو لوک سبھا میں کہا کہ ملک میں نکسل واد (ماؤ نواز انتہاپسندی) کی بنیادی وجہ ترقی کی کمی، غربت یا ناانصافی نہیں بلکہ ایک خاص نظریہ ہے۔ انہوں نے بائیں بازو کی انتہاپسندی سے ملک کو آزاد بنانے کی کوششوں پر بحث کا جواب دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ نریندر مودی حکومت کے دوران دفعہ 370 کا خاتمہ، رام مندر کی تعمیر اور کئی بڑے کام انجام دیے گئے ہیں، اور اب نکسل سے پاک بھارت بھی اسی حکومت کے دور میں بننے جا رہا ہے۔
امت شاہ نے کہا کہ سادہ لوح قبائلیوں کے سامنے یہ غلط بیانیہ پیش کیا گیا تھا کہ یہ لڑائی انہیں انصاف دلانے اور ان کے حقوق کے لیے لڑی جا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا، "نکسل واد کی بنیادی وجہ ترقی کی کمی، غربت یا ناانصافی نہیں بلکہ نظریہ ہے۔" وزیر داخلہ نے کہا کہ ناانصافی کی صورت میں ہتھیار اٹھانا جمہوری طریقہ نہیں ہے، اور ایسی سرگرمیاں مودی حکومت کے دوران کسی صورت قبول نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا، "بستر کے علاقے کے لوگ سرکاری سہولیات سے محروم رہ گئے تھے کیونکہ وہاں سرخ دہشت کی چھایا تھی۔ آج وہ چھایا ختم ہو گئی ہے اور بستر ترقی کر رہا ہے۔"
انہوں نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر 70 برسوں میں قبائلی ترقی سے محروم رہے تو اس کے ذمہ دار کون ہیں؟ شاہ نے کہا کہ مودی حکومت کے دوران نکسل متاثرہ علاقوں میں بھی ترقی پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی اہم کام مودی حکومت کے دور میں ہوئے ہیں اور نکسل واد سے پاک بھارت کی تشکیل بھی اسی دور میں ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نکسل واد اور انتہاپسندی کے خاتمے کا مکمل کریڈٹ نیم فوجی دستوں، خاص طور پر کوبرا بٹالین، مرکزی ریزرو پولیس فورس (CRPF)، ریاستی پولیس اور مقامی قبائلیوں کو جاتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کچھ اپوزیشن ارکان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہید بھگت سنگھ اور برسا منڈا کا موازنہ نکسلوں سے کرنے کی کوشش کی گئی، جو بالکل غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ نکسلوں نے ’ریڈ کوریڈور‘ اس لیے منتخب کیا کیونکہ وہاں حکومتی نظام کی رسائی کم تھی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بائیں بازو کے شدت پسندوں نے متاثرہ علاقوں میں ترقی کو پہنچنے نہیں دیا، جبکہ اب مودی حکومت ترقی کو گھر گھر پہنچا رہی ہے۔