نئی دہلی۔ ۔اردو اکادمی دہلی کے زیرِ اہتمام اور محکمہ فن۔ ثقافت و السنہ حکومتِ دہلی کے خصوصی تعاون سے جاری ’’سمر کیمپ 2026‘‘ میں بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد جوش و خروش کے ساتھ شریک ہے۔ 14 مئی سے 2 جون تک جاری رہنے والے اس تربیتی کیمپ میں چوتھی سے بارہویں جماعت تک کے تقریباً 230 طلبا مختلف ادبی۔ ثقافتی اور تخلیقی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
اس بامقصد پروگرام کے انعقاد میں دہلی حکومت بالخصوص وزیر برائے فن۔ ثقافت و السنہ اور اردو اکادمی دہلی کے چیئرمین کپل مشرا کے تعاون اور سرپرستی کو نمایاں اہمیت حاصل ہے۔ اردو اکادمی دہلی نے اس موقع پر حکومتِ دہلی اور کپل مشرا کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو اردو زبان و ادب سے جوڑنے میں اس نوعیت کے پروگرام اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
نئی نسل کو اردو زبان و ادب سے جوڑنے کی کوشش
خطاطی۔ غزل گائیکی۔ داستان گوئی اور شخصیت سازی کی تربیت
سمر کیمپ کا بنیادی مقصد بچوں میں اردو زبان و ادب سے دلچسپی پیدا کرنا اور ان کی تخلیقی و فنی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ کیمپ میں خطاطی۔ غزل گائیکی۔ پینٹنگ۔ داستان گوئی۔ شخصیت سازی اور اردو زبان دانی جیسے مختلف موضوعات شامل کیے گئے ہیں جہاں ماہر اساتذہ طلبا کو عملی اور نظری تربیت فراہم کر رہے ہیں۔
طلبا کو جونیئر اور سینئر زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ ان کی عمر اور تعلیمی سطح کے مطابق بہتر رہنمائی کی جاسکے۔ کیمپ میں شریک طلبا نہ صرف اردو زبان سیکھ رہے ہیں بلکہ اظہارِ خیال۔ فنونِ لطیفہ اور سماجی اقدار سے بھی واقفیت حاصل کر رہے ہیں۔
طلبا اور والدین کی خصوصی دلچسپی کے پیشِ نظر ایک خصوصی محفلِ غزل کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں دہلی گھرانے کے معروف غزل گلوکار غلام صابر نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ انہوں نے طلبا کی فرمائش پر کئی مقبول غزلیں سنائیں جنہیں حاضرین نے بے حد پسند کیا۔
محفل کے دوسرے حصے میں داستان گو تسنیم اور آستھا نے ’’آدھا آدھا‘‘ اور ’’جنت کی سیر‘‘ کے عنوان سے دلچسپ داستانیں پیش کیں۔ ان کی پیشکش نے طلبا اور والدین کو خوب محظوظ کیا۔ بعد ازاں سمر کیمپ میں داستان گوئی کی تربیت حاصل کرنے والے چند طلبا نے بھی مختصر داستانیں پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر والدین اور طلبا نے اردو اکادمی دہلی کی اس کوشش کو نہایت مفید اور حوصلہ افزا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے پروگرام بچوں کی ذہنی۔ تخلیقی اور ادبی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اردو اکادمی دہلی کی جانب سے طلبا کے لیے ریفریشمنٹ اور ضروری تدریسی سامان مفت فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ کیمپ کے اختتام پر شرکا میں اسناد بھی تقسیم کی جائیں گی۔