مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکادمی کے پچاسویں یومِ تاسیس کے موقع پر تقریب کا انعقاد

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-10-2025
مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکادمی کے پچاسویں یومِ تاسیس کے موقع پر تقریب کا انعقاد
مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکادمی کے پچاسویں یومِ تاسیس کے موقع پر تقریب کا انعقاد

 



ممبئی: مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکادمی کے پچاسویں یومِ تاسیس کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ یہ تقریب مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی اور محکمہ اقلیتی امور کے اشتراک سے عمل میں آئی، جس میں ریاست بھر سے ادیب، شاعر، محقق اور اردو ادب سے وابستہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مہاراشٹر کے وزیر برائے اقلیتی امور مسٹر مانک راؤ کوکاٹے نے تقریب کی صدارت کی، جبکہ سابق وزیر نواب ملک اور ملک کے ممتاز شاعر و نغمہ نگار جاوید اختر مہمانِ خصوصی کے طور پر موجود تھے۔

اس موقع پر تمام شرکاء کے دستِ مبارک سے دو اہم تعلیمی و ادبی کتابوں 'آؤ مراٹھی سیکھیں'اور 'آؤ اردو سیکھیں'کا باقاعدہ اجرا عمل میں آیا۔ یہ دونوں کتابیں کامِل شیخ ریاض الدین اور انصاری نفیس جلیل (ضلع پریشد جلگاؤں) کی مشترکہ کاوش ہیں، جبکہ اشاعت کا فریضہ عادل پبلی کیشن، پُونے نے انجام دیا۔

کتابوں کے مصنفین نے کہا کہ ان کا مقصد اردو اور مراٹھی زبانوں کے درمیان ثقافتی و لسانی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے تاکہ عوام ایک دوسرے کی زبان سمجھ کر بھائی چارے کی فضا کو مزید مستحکم کریں۔

تقریب میں مقررین نے مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکادمی کے پچاس سالہ ادبی سفر کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ریاست میں اردو ادب و ثقافت کی ترقی کے لیے اس کے کردار کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اکادمی کے گولڈن جوبلی پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اردو و مراٹھی زبانوں کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔