برطانوی دورکاتمغہ،ایک مسلمان بنکرخاندان کےلئےباعث افتخار

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 11-03-2022
برطانوی دورکاتمغہ، جو ایک مسلمان بنکرخاندان کےلئےباعث افتخار ہے
برطانوی دورکاتمغہ، جو ایک مسلمان بنکرخاندان کےلئےباعث افتخار ہے

 

 

ترپتی ناتھ

وارانسی: مختار الحق،گنجان آبادی والے رسول پورہ کے ایک بُنکر ہیں جو، اپنی تجارت میں دوسروں کی طرح ہی مصروف ہیں۔ وہ اور ان کے چھ بھائی اس مسلم اکثریتی علاقے میں اپنے آبائی مکان میں رہتے ہیں اور بُنائی کی 300 سال پرانی خاندانی روایت پر عمل پیرا ہیں۔

تمام تر مشکلات کے باوجود، واحد چیز جو انہیں دنیا کے مشہور بنارسی ریشم کی بُنائی جاری رکھنے کی ترغیب دیتی ہے وہ ایک تمغہ ہے جو تقریباًسو سال پہلے انگریزوں نے ان کے دادا کو دیا تھا۔

وارانسی جنکشن سے بمشکل چار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع، رسول پورہ کی گلیاں بھول بھلیاں جیسی ہیں جہاں کچھ مساجد، ایک مدرسہ اور ایک مزار ہی اس بات کو یقینی بنانے کا واحد ذریعہ ہیں کہ کوئی گم نہ ہو جائے۔

بکرآباد کالونی سے ملحق، رسول پورہ میں 95 فیصد مسلمان گھرانے ہیں۔ ان دونوں علاقوں میں کم از کم 10,000 مسلمان بنکر رہتے ہیں۔

بکرآباد کے ہر دوسرے گھر میں پاور لومز ہیں جو ڈیزل ٹرین کے انجنوں کی طرح آواز کرتے ہیں۔ تنگ گلیوں میں چلنا ایک انوکھا تجربہ ہے کیونکہ مسجد سے بلند ہونے والی اذان اور بڑے پاور لومز کی بھاری آواز قدرتی امتزاج پیدا کرتی ہے۔

کچھ گھرانوں میں ہینڈلوم بھی ہیں۔

وارانسی میں زیادہ تر بنکر مومن انصاری مسلمان ہیں۔ نسلوں سے، وہ باپ سے بیٹے تک اپنی مہارت اور ہنر سے گزرتے رہے ہیں۔

بہت سے گھرانوں میں، خواتین بُنائی میں مردوں کی مدد بھی کر رہی ہیں۔ وارانسی میں پیدا ہوئے اور پرورش پانے والے مختارالحق، جنہوں نے 1986 میں بنارس ہندو یونیورسٹی سے بی ایس سی مکمل کی، اپنی خاندانی روایت کو زندہ رکھنے کا فیصلہ کیا۔

انھوں نے بتایا کہ’’میں بچپن سے ہی اپنے والد حاجی محمد فاروق اور بڑے بھائیوں غلام منیر، ناظم صدیقی اور ایم عالم کو گھر میں بُنتے ہوئے دیکھتا آیا ہوں۔ اس لیے میں نے ہینڈلوم پر بنائی سیکھ لی۔‘‘

جب میں ان کے چھوٹے بھائی سلیمان اختر انصاری کی دعوت پر جیت پورہ پولیس اسٹیشن کے قریب ان کے خاندانی گھر گئی تو ان کے دوسرے بھائیوں سے بھی ملی۔

چھپن سالہ مختارالحق، اندر گئے اور ایک ڈبہ لے کر واپس آئے جس میں ان کے دادا، صدیق اللہ کو دیا گیا تمغہ تھا۔ جب انھوں نے بکس سے تمغہ نکالا تو ان کا چہرہ روشن ہوگیا۔ ان کے دادا کا نام اس پر کندہ ہے. تمغے کی دوسری طرف ’دی یونائیٹڈ پرونس ایگزیبیشن الہ آباد‘ کندہ ہے۔

مختارکہتے ہیں کہ یہ ہماری خاندانی وراثت ہے۔ میرے چچا نے یہ 1990 میں میرے حوالے کیا تھا اور اسے ٹھیک رکھنا میرا فرض ہے۔ جب ہم لوگوں کو بتاتے ہیں کہ ہمارے دادا کو یہ تمغہ ملا ہے تو وہ متجسس ہوتے ہیں۔ آپ کی طرح، وہ بھی اسے دیکھنا چاہتے ہیں۔

میرے دادا، صدیق اللہ، جو ’’کِن کھبس‘‘ (بنارسی کی ایک خاص قسم)کے ماہر تھے، ، نے یہ تمغہ اس وقت حاصل کیا جب انہوں نے الہ آباد میں ایک نمائش میں حصہ لیا تھا۔ مجھے اپنے والد سے معلوم ہوا کہ ہمارے دادا کا انتقال 1955 میں فالج کی وجہ سے ہوا۔

مجھے بتایا گیا کہ وہ سات سال تک بستر پر پڑے رہے۔

جب ہم قالین پر بیٹھ کر ان کے تین منزلہ گھر میں ان کے خاندان کی بُنائی کی روایت کے بارے میں بات کر رہے تھے تو بڑے بھائی غلام منیر بھی ہمارے ساتھ ہو گئے۔ منیر جو اب 70 سال کے ہیں نے کہا کہ خاندان نے اچھا وقت دیکھا ہے۔ 1990 میں ان کے چچا ظہور احمد نے انہیں تمغہ کیسے دیا تھا اس کو یاد کرتے ہوئے وہ پرانی یادوں میں ڈوب گئے۔

انھوں نے مجھے بتایا کہ ان کے پاس وہ تمغہ ہے جو ان کے ’’ابو‘‘ کو دیا گیا تھا۔ انہوں نے ہماری خاندانی روایت کو فروغ دینے کی میری کوششوں کی بہت تعریف کی۔ میں وارانسی سے اپنے مشترکہ خاندانی کاروبار کو فروغ دینے کے لیے باہر جا تا تھا۔ پچھلے دو سالوں میں کوویڈ کی پابندیوں کی وجہ سے، میں نے دہلی اور کولکتہ کا سفر نہیں کیا ہے لیکن مجھے امید ہے کہ جلد ہی سفر دوبارہ شروع کروں گا۔‘‘

جب ان کے سب سے چھوٹے بھائی جاوید اختر اور ان کے نوعمر بیٹے، ذیشان اختر نے میڈل کی طرف دیکھا اور پوچھا، ’’یہ کتنا قیمتی ہے؟‘‘، تومختارالحق نے اس بات پر زور دیا کہ اس کی قدر اس کی لازوال شان میں مضمر ہے جو اس سے خاندان کو ملی ہے۔

ایسا لگتا ہے کہ اس وقت بُنکر خوشحال تھے۔ میرے دادا کم خواب کو ویتنام اور دوسرے ممالک میں برآمد کیا کرتے تھے۔

مختارکا کہنا ہے کہ ہم نے اپنے والد محمد فاروق کو 2016 میں کھو دیا۔ وہ بھی ایک بنکر تھے۔‘‘

صدیق اللہ کی موت کے تقریباً سات دہائیوں بعد ان کے پوتے اور ان کے بچے اس تمغے کے لیے بہت زیادہ جذباتی ہیں۔ جس لمحے مختارالحق نے مجھے میڈل دکھانے کے لیے بکس کھولا، ان کا سب سے چھوٹا بھائی اور ان کا بیٹا تصویریں لینے کے لیے آگے بڑھے۔

ان سب نے میڈل کے ساتھ پوز دینے میں بڑا فخر محسوس کیا۔ مختارالحق زیادہ تر کم خواب ، جانگلا اور آرگنزا خالص ریشم کی بُنائی کرتے ہیں۔ ان کی چار بیٹیاں ہیں اور ان کی ایک بیٹی میڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہی ہے۔