بنگال میں بی ایل او کی موت

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 07-01-2026
بنگال میں بی ایل او کی موت
بنگال میں بی ایل او کی موت

 



کولکتہ/ آواز دی وائس
مغربی بنگال کے مالدہ ضلع میں بدھ کے روز ایک بوتھ لیول افسر (بی ایل او) کی موت ہوگئی۔ اہلِ خانہ کا الزام ہے کہ ریاست میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرِ ثانی (ایس آئی آر) کے دوران حد سے زیادہ کام کے دباؤ کی وجہ سے وہ شدید ذہنی تناؤ میں تھیں۔ پولیس نے یہ جانکاری دی۔
مہلوکہ کی شناخت سنپریتا چودھری سانیال کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کے شوہر نے بتایا کہ وہ  کہ گزشتہ چند دنوں سے علیل تھیں اور ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا تھا، لیکن اس کے باوجود وہ ووٹر لسٹ کی نظرِ ثانی کے کام میں مسلسل لگی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے ایس آئی آر کا کام بڑھتا گیا، ان کی طبیعت بگڑتی چلی گئی اور بدھ کی علی الصبح گھر پر ہی ان کا انتقال ہوگیا۔پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ سانیال آئی سی ڈی ایس کارکن تھیں اور انگلش بازار میونسپل علاقے میں بوتھ نمبر 163 کی بی ایل او کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مہلوکہ پھولباری پکورتلا علاقے کی رہائشی تھیں۔ ترنمول کانگریس کی کونسلر گایتری گھوش نے سنپریتا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور الزام عائد کیا کہ ایس آئی آر کے عمل کے دوران حد سے زیادہ دباؤ کی وجہ سے بی ایل اوز کی صحت متاثر ہو رہی ہے۔ دوسری جانب، ہندوستانی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جنوبی مالدہ یونٹ کے تنظیمی ضلع صدر اجے گنگوپادھیائے نے کہا کہ کسی بھی شخص کی موت افسوسناک ہوتی ہے، لیکن سارا الزام الیکشن کمیشن پر ڈالنا درست نہیں ہے۔ ترنمول کانگریس کے رہنما اور منتخب نمائندے بھی فرضی ووٹروں کے نام ہٹانے کے معاملے میں بی ایل اوز پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔