کشمیر:نئی نسل میں منشیات کا بڑھتا رجحان

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 06-08-2021
علامتی تصویر
علامتی تصویر

 

 

آواز دی وائس، سری نگر

 جموں وکشمیرکے مفتی اعظم مفتی ناصرالاسلام کا کہنا ہے کہ کشمیری سماج میں منشیات کا استعمال اور کاروبار اس قدر بڑھ گیا ہے کہ اگر کوئی تدارک نہیں کیا گیا تو موجودہ نسل اسی وبا کی نذر ہو سکتی ہے۔

 ان کا ماننا ہے کہ سماج سے منشیات کے قلع قمع کی ذمہ داری صرف انتظامیہ کی نہیں بلکہ علما و فضلا اور ائمہ و واعظین کی بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  یہاں منشیات کے استعمال و کاروبار میں ہی نہیں بلکہ دوسری سماجی برائیوں میں بھی کافی اضافہ ہو رہا ہے۔

 ذرایع کے مطابق یہاں 70 ہزار سے زیادہ افراد منشیات کی لت میں مبتلا ہیں بلکہ دوسری رپورٹ میں یہ تعداد تقریباً ڈھائی لاکھ ہے یعنی اگر یہی صورتحال جاری رہی تو عنقریب ہمارے ہر گھر میں ایک نشہ کرنے والا فرد ہوگا۔

انھوں نے اپنے خطاب میں نسل نو کو منشیات سے دور رہنے کی ہدایت دی اور کہا کہ اگر ابھی ہمارے نوجوانوں نے منشیات کو ترک نہیں کیا تو اس کے نتایج خطرناک حد تک سنگین ہوسکتے ہیں۔ اس لیے ضرورت ہے کہ ڈرگ بیداری مہم چلایی جاے اور لوگوں کو اس سے دور رہنے کی ترغیب دی جاے۔