سردیوں کے پھل،قوت مدافعت میں کریں اضافہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 03-12-2021
سردیوں کے پھل،قوت مدافعت میں کریں اضافہ
سردیوں کے پھل،قوت مدافعت میں کریں اضافہ

 

 

کسی بھی انسان کے لیے رواں سال کی سب سے اہم چیز’’ قوت مدافعت‘‘ ہے۔ مضبوط قوت مدافعت ہی ہے جو انسان کو مختلف بیماریوں کے حملہ آور ہونے سے محفوظ رکھتی ہے۔ کورونا وبا کے دور میں جہاں ہر شخص اپنی صحت کو لے کر کافی محتاط ہے وہیں قوت مدافعت میں تھوڑا سا اضافہ بھی کورونا وائرس سمیت دیگر وائرل انفیکشن سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانسی، نزلہ سرد موسم کی عام بیماریوں میں سے ایک ہیں یہی وجہ ہے کہ موسم سرما میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے خطرات دگنے ہوجاتے ہیں۔ لہٰذا زیادہ تر لوگ موسم سرما میں وائرل انفیکشن سے محفوظ رہنے کے لیے جوشاندہ ، گرین ٹی اور مختلف جوسز کا استعمال بڑھادیتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ موسم سرما کے کچھ پھل ایسے بھی ہیں جو آپ کے قوت مدافعت میں اضافہ کرتے ہوئے آپ کو بیمار ہونے سے بچاتے ہیں ۔ آئیے جانتے ہیں وہ پھل کون سے ہیں ۔

امرود

امرود موسم سرما کے پسندیدہ پھلوں میں سے ایک ہے۔ وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹ سے بھرپور امرود انسانی جسم کو مختلف قسم کے انفیکشن سے لڑنے میں مدد فراہم کرتے ہوئے انسانی خلیات کو کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رکھتاہے۔ امرود میں زیادہ مقدار میں پایا جانے والا فائبر دل اور بلڈ شوگر کی صحت بہتر بنانے کے لیے بھی ضروری ہے۔

ناشپاتی

سردی کا پھل ناشپاتی بچوں اور بڑوں دونوں کا پسندیدہ ہے۔ جو نہ صرف کھانے میں لذیذ ہے بلکہ اس کا جوس بھی صحت کے لیےفائدہ مند تصور کیا جاتا ہے۔ اینٹی آکسیڈینٹ اور اینٹی انفلیمینٹری خصوصیات مثلا وٹامن ای اور سی سے بھرپور ناشپاتی کا استعمال آنتوں کے لیے بھی بے حد فائدہ مند ہے۔

نارنگی

نارنگی کو وٹامن سی اور کیلشیم کا خزانہ تصور کیا جاتا ہے ۔ وٹامن سی کی زیادہ مقدار قوت مدافعت میں اضافہ کا باعث بنتی ہے ۔ دوسری جانب نارنگی موسمی انفیکشن کا خطرہ کم کرتے ہوئے جسم کے اندرونی نظام کو مضبوط بناتی ہے۔

سیب

وکٹورین کہاوت تو آپ نے سنی ہوگی کہ روزانہ ایک سیب سے رہے ڈاکٹر دور ، کیونکہ سیب کا باقاعدگی سے استعمال انسان کو کئی بیماریوں سے دور رکھ سکتا ہے، پیکٹن ، فائبر ، وٹامن سی اور کے سے بھرپور پھل سیب انسان کی قوت مدافعت میں اضافہ کرکے سوزش کو بھی کم کرتا ہے۔

پپیتا

پپیتا وٹامن سی، پوٹاشیم ، میگنیز ، فولیٹ سے بھرپور ایک اور پھل ہے، ایک درمیانے سائز کے پپیتا کا استعمال دن بھر میں تجویز کردہ وٹامن سی کی مقدار کو بآسانی پورا کرسکتا ہے۔ یہی نہیں پپیتے میں موجود اینٹی انفلیمینیٹری خصوصیات جسے پاپین کہا جاتا ہے نظام انہضام کو فعال کرنے کا سبب بنتی ہے۔

انار

پھلوں کےفوائد کی بات ہو اور پھلوں کے بادشاہ انار کا ذکر نہ آئے ناممکن سی بات ہے، اینٹی انفلیمینٹری خصوصیات سے مالا مال سردی کا اہم پھل انار مدافعتی نظام سے متعلق عوارض آرتھرائٹس اور آسٹروتھرائٹس میں مبتلا افراد کے لیے انتہائی صحتمند تصور کیا جاتا ہے ۔ دوسری جانب انار اینٹی باڈی پروڈکشن کو فروغ دیتے ہوئے مدافعتی نظام کی مضبوطی کا سبب بنتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انار کو قوت مدافعت مضبوط بنانے اوردیگر بیماریوں کے خلاف مزاحمت میں مددگار پھل کی حیثیت سے تسلیم کیا جاتا ہے۔

کیوی

وٹامن سی سے بھرپور کیوی اینٹی آکسیڈینٹ کے طور پر کام کرتے ہوئے مدافعتی نظام کو فروغ دیتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق کیوی کا ایک کپ دن بھر میں وٹامن سی کی تجویز کردہ مقدار کی 273 فیصد ضروریات پوری کرتا ہے۔ ایک مطالعاتی نتائج کے مطابق کیوی کا استعمال سردی کے وائرل انفیکشن کے خلاف مزاحمت کاکام سرانجام دیتا ہے۔