کھانسی، نزلہ، زکام کا علاج : لیموں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-03-2021
لیموں میں پایا جانے والا وٹامن سی قوت مدافعت میں اضافے کا باعث بنتا ہے
لیموں میں پایا جانے والا وٹامن سی قوت مدافعت میں اضافے کا باعث بنتا ہے

 

 

 نئی دہلی: ہماری نئی نسل سائنس کے اس دور میں سانس لے رہی ہے جس میں روایتی علم کو فرسودہ اور کبھی کبھی تو مضر سمجھا جاتا ہے ۔ اخلاقیات اور فنون لطیفہ کے ساتھ ساتھ اس حقیقت کا اطلاق صحت کے شعبے میں بھی ہوتا ہے ۔ ایسے متعدد نسخے اور دوائیں ہیں جو ہمارے آباؤ اجداد روایتی طور پر عام امراض کے لئے استعمال کرتے آے ہیں ۔ لیموں کا استعمال بھی انھیں میں سے ایک ہے ۔

لیمو ہمارے کچن میں استعمال ہونے والا ایک انتہائی ضروری حصہ ہے جس کا رنگ پیلا ہوتا ہے اور اور ذائقہ تر ش ہو تاہے ۔ اس میں سٹرک ایسڈ کی بہتات ہوتی ہے ۔ اس کی کئی اقسام ہوتی ہیں ۔ موسم کی تبدیلی بہت سی بیماریوں کا موجب بنتی ہے جن سے بچنا مشکل ترین مرحلہ ہوتا ہے جبکہ نزلہ ، زکام ، کھانسی اور ناک بہنا جیسے مسائل بچوں پر فوراً اثر انداز ہوتے ہیں اور یہ بیماریاں کمزور قوت مدافعت رکھنے والے افراد کو زیادہ متاثر کرتی ہیں۔ ان تمام چیزوں کا واحد اور اثردار علاج لیموں سے کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین غذائیت کے مطابق وٹامن سی سے بھر پور لیموں متعدد بیماریوں سے نجات کے لیے مدد گار ثابت ہوتا ہے، لیموں موسمی بیماریوں سے بچانے کے ساتھ قوت مدافعت بھی مظبوط کرتا ہے۔ طبی ماہرین کی جانب سے حاملہ خواتین، صحت مند وزن بر قرار رکھنے، وزن میں کمی، چست و توانا، جسم سے مضر صحت مادوں کے اخراج، گردوں سے پتھری کے خاتمے، صاف شفاف جِلد سمیت صحت سے متعلق متعدد فوائد حاصل کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر لیموں پانی کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب موسم سرما کی سختیوں سے بچنے کے لیے اور نزلہ، زکام ، کھانسی اور ناک بہنے جیسی چھوٹی موٹی بیماریوں سے نجات کے لیے قدرت نے شہد میں بھی شفا کا خزانہ چھپا رکھا ہے جبکہ شہد کے ساتھ اگر لیموں بھی ملا لیا جائے تو اس سے حیرت انگیز فوائد حاصل ہوتے ہیں، لیموں پانی اور شہد کا استعمال کھانسی اور گلے کی سوزش میں آرام پہنچاتا ہے۔

نزلہ اور زکام میں لیموں

ماہرین کے مطابق لیموں خشک کھانسی اور گلے کی سوزش میں بہت مفید ہے اور لیموں میں پایا جانے والا وٹامن سی قوت مدافعت میں اضافے کا باعث بنتا ہے اور نزلہ ، زکام اور کھانسی جیسی بیماریوں سے بچنے کے لیے صلاحیت پیدا کرتا ہے۔

 ماہرین کا کہنا ہے کہ چار لیموں کا رس نکالیں اور چھلکوں کو ایک برتن میں ڈال دیں، ایک کھانے کا چمچ ادرک لے کر اسے بھی اس برتن میں ڈال دیں اور اب اس برتن میں اُبلتا ہوا پانی ڈالیں یہاں تک کہ یہ ساری چیزیں پانی میں بھیگ جائیں، برتن کو ڈھک کر دس منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ اب اسے چھان کر ایک کپ الگ کر لیں اور اس محلول میں برابر مقدار میں نیم گرم پانی شامل کرکے حسب ذائقہ شہد ملا لیں اور اس قہوے کو نیم گرم کر کے دن میں دو سے تین مرتبہ پئیں اور بچوں کو بھی پلائیں۔