امریکی قوم کورونا سے سب سے زیادہ متاثر: تحقیق

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-03-2021
امریکی قوم کورونا سے سب سے زیادہ متاثر
امریکی قوم کورونا سے سب سے زیادہ متاثر

 

 

نیو یارک

امریکی قوم دنیا کی ترقی یافتہ ترین قوم سمجھی جاتی ہے۔ صحت کے شعبے میں بھی امریکی قوم کا شمار دنیا کے صحت مند لوگوں میں کیا جاتا ہے۔ وہاں کی جدید سہولیات نے اس قوم کو دنیا میں رائج روایتی امراض کے حملے سے ہمیشہ سے تحفظ فراہم کیا ہے۔ لیکن کورونا کے اس منفرد اور پیچیدہ مرض نے اس تا ثر کو غلط ثابت کر دیا۔

سال 2019 میں چین سے شروع ہونے والی کورونا کی وبا کو دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 11 کروڑ 86 لاکھ 71 ہزار سے زائد ہوچکی ہے ۔ دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک امریکا میں 12 مارچ 2021 کی سہ پہر تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 2 کروڑ 92 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے ۔ امریکا میں گزشتہ ایک سال کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 5 لاکھ 30 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

وبا کو ایک سال مکمل ہونے پر کی جانے والی ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ ہر پانچویں امریکی شخص نے وبا میں کوئی نہ کوئی رشتہ دار یا انتہائی قریبی دوست کو موت کے منہ میں جاتے ہوئے دیکھا۔ یونیورسٹی آف شکاگو میں قائم ’سینٹر فار پبلک افیئرز ریسرچ‘ کی جانب سے کی جانے والی تحقیق کہتی کہ وبا کے باعث امریکا میں ہر پانچواں شخص اپنے کسی قریبی رشتہ دار یا قریبی دوست سے محروم ہوا ۔

امریکا بھر میں ہونے والے اس سروے سے معلوم ہوا کہ کورونا کے باعث سب سے زیادہ متاثر سیاہ فام کمیونٹی ہوئی تاہم وبا نے مجموعی طور پر پورے امریکا کو اپنے نرغے میں لیا اور تقریبا ہر خاندان کو کسی نہ کسی طرح متاثرکیا ۔ سروے سے معلوم ہوا کہ ہر پانچویں امریکی شخص کا کوئی نہ کوئی دوست یا کوئی نہ کوئی رشتہ دار کورونا کی وجہ سے ہلاک ہوا۔

سروے سے معلوم ہوا کہ کورونا میں سب سے زیادہ یعنی 30 فیصد ہلاکتیں سیاہ فام افراد کی ہوئیں ۔ اس کے علاوہ 29 فیصد تعداد لاطینی امریکی و ہسپانوی نسل کے افراد کی تھی ۔ جب کہ سب سے کم اموات یعنی 15 فیصد سفید فام افراد کی ہوئیں۔ سروے میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ماہانہ 30 ہزار امریکی ڈالر سے کم آمدنی والے افراد کی وبا کے باعث زیادہ اموات ہوئیں۔ کورونا کو ایک سال گزرنے کے بعد بھی ہر 10 میں سے 4 امریکی خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔