سعودی عرب : حاملہ خواتین کو بھی کورونا ویکسین

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-04-2021
ویکسین ہر کسی کو ۔۔۔۔
ویکسین ہر کسی کو ۔۔۔۔

 

 

ریاض: سعودی عرب میں حاملہ خواتین کو بھی کورونا ویکسین لگوانے کی اجازت دیدی گئی۔سعودی عرب میں خصوصی سائنس کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر حاملہ خواتین کو بھی کورونا ویکسین لگانے کی اجازت دیدی گئی ہے۔

اس حوالے سے سعودی وزارتِ صحت نے اعلان کیا ہے کہ حاملہ خواتین بھی کورونا ویکسین لگوانے کے لیے خود کو رجسٹرڈ کروا سکتی ہیں کیوں کہ ٹرائل میں فائزر کی کورونا ویکسین کا حمل میں بے ضرر ہونا ثابت ہوگیا ہے۔ گزشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات نے بھی ایسی خواتین جو بچوں کو دودھ پلا رہی ہیں کو بھی فائزر کی کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ایسی خواتین جو حاملہ ہونے کے لیے علاج کروا رہی ہیں انہیں بھی ویکسین لگانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک ریسرچ میں کہا گیا ہے کہ امریکا میں 35 ہزار حاملہ خواتین پر فائزر اور میڈورنا کی کورونا ویکسین استعمال کرائی گئیں جس کے دوران ان ویکسنز کے حاملہ خواتین میں محفوظ ہونے کے سائنسی شواہد ملے ہیں۔

واضح رہے کہ ابتدا میں کورونا ویکسین کے ٹرائل حاملہ خواتین پر نہیں ہوئے تھے اس لیے دوران حمل ویکسین لگانے کی سفارش نہیں کی گئی تھی تاہم اب فائزر اور میڈورنا نے حاملہ خواتین پر ٹرائل بھی مکمل کرلیا ہے۔