خواتین کی صحت کے لئے آم ہے حیات بخش

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 25-06-2023
خواتین کی صحت کے لئے آم ہے حیات بخش
خواتین کی صحت کے لئے آم ہے حیات بخش

 

آم کے اندر بہت سے طبی فوائد ہیں مگر یہ خواتین کے لئے خاص طور پر فائدہ مند ہوتا ہے۔ اگر خواتین آم کھائیں تو ان کے جسم کو کئی قسم کے وٹامن ملتے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق دنیا بھرمیں آموں کی1500 سے زیادہ قسمیں ہیں۔ اس پھل کی سب سے زیادہ یعنی 40 فی صد پیداوارہندوستان میں ہوتی ہے جس کے بعد چین تھائی لینڈ، انڈونیشیا اورپاکستان کا نمبرآتا ہے۔ پاکستان میں ہرسال تقریباً 20 لاکھ ٹن کے لگ بھگ آم پیدا ہوتا ہے۔ یہ ہمارے لئے کس قدرفائدہ مند ثابت ہوسکتا ہےآئیے جانتے ہیں

 انرجی بوسٹر

 گرمیوں کے موسم میں ہمیں پسینہ زیادہ آتا ہے اوربعض اوقات اچانک کمزوری کا احساس ہونے لگتا ہے۔ چونکہ آم میں شوگر کی شکل میں کاربوہائیڈریٹس کی اچھی مقدارموجود ہوتی ہے لہٰذا یہ ’’انرجی بوسٹر‘‘ کا کام کرتا ہے اورفوری توانائی فراہم کرتا ہے۔

وزن گھٹائے بھی بڑھائے بھی

اس میں چکنائی کی مقداربہت ہی کم ہوتی ہے لہٰذا یہ وزن کنٹرول کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ ایک کپ کٹے ہوئے آم میں زیادہ سے زیادہ 80 کیلوریزہوتی ہیں۔ یہ اتنی زیادہ نہیں کہ وزن بڑھائیں۔ آم وزن کو اس وقت بڑھاتا ہے جب اسے دودھ میں چینی ڈال کرشیک کی شکل میں لیاجائے۔ ایسے میں کیلوریزدگنی ہوجاتی ہیں۔

کولیسٹرول‘ کرے کنٹرول

پھلوں اورسبزیوں کے مختلف رنگ محض خوبصورتی کے لئے نہیں بلکہ اس بات کا اظہارہیں کہ ان میں کون سے خاص اجزاء یا اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں۔ آم کا پیلا رنگ بِیٹا کیروٹین کی وجہ سے ہے جو ایک اینٹی آکسیڈنٹ ہے۔ یہ کولیسٹرول کوکنٹرول کرنے ‘ قوت مدافعت بڑھانے اورکینسرسے بچاؤ میں مدد دیتا ہے۔

معدے کے مسائل

آم ان لوگوں کے لئے بہت مفید ہے جو ہاضمے کی خرابی کے شکارہوں اورانہیں ڈکارزیادہ آتے ہوں۔ تاہم چھوٹے بچوں کوآم زیادہ نہیں کھلانے چاہئیں کیونکہ ان کی آنتیں انہیں ہضم نہیں کرپاتیں۔ انہیں ایک گلاس مینگوشیک دیا جاسکتا ہے۔ شیک کے اندرچینی کم ڈالیں تاکہ وہ اس کے قدرتی ذائقے سے لطف اندوزہوسکیں۔

جلد پرمثبت اثر

آم سکن کی کلینزنگ کرنے کے علاوہ اس کونم بھی رکھتا ہے۔ کچھ لوگ اسے جلد پربھی لگاتے ہیں لیکن ہم جو کچھ کھاتے ہیں‘ اس کا اثرجلد پربھی آجاتا ہے۔ لہٰذا بہتر جلد کے لئے اسے کھانا ہی بہتر ہے۔

بلڈپریشرپرکنٹرول

جس چیزمیں پوٹاشیم ہو، وہ بلڈپریشرکو کنٹرول کرتی ہے۔ آم میں اس کی وافرمقدار پائی جاتی ہے لہٰذا اس مرض کے شکار افراد کے لئے دن میں ایک سے دوآم کھانا فائدہ مند ہے۔