کورونا وائرس: انسانیت کے دو کروڑ سال کم کردیئے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 22-02-2021
ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کورونا نے انسانی زندگی کے کئی کروڑ سال کم کر دئےہیں
ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کورونا نے انسانی زندگی کے کئی کروڑ سال کم کر دئےہیں

 

 

 نئی دہلی: کورونا وائرس کے مہلک وار نے لاکھوں انسانی زندگیاں نگل لی ہیں- لیکن اس کی تباہ کاری ابھی رکی نہیں ہے- یہ وبا تخلیق کائنات کی ممکنہ استعداد پر بھی منفی طور پر اثر انداز ہوئی ہے۔ ایک تحقیق میں یہ ہوش ربا انکشاف ہوا ہے کہ اس بیماری نے انسانی زندگی کے کئی کروڑ سال کم کر دئےہیں۔ وبائی ماہرین کی ایک ٹیم نے 81 ممالک سے دستیاب اعداد و شمار کی مدد سے تخمینہ لگایا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے جاری عالمی کورونا وبا سے مجموعی طور پر انسانی زندگی کے 2 کروڑ 5 لاکھ سال کم ہوگئے ہیں۔

ایک  مطالعے میں  یہ معلوم ہوا ہے کہ کووِڈ 19 کی وجہ سے انسانی زندگی کے ضائع شدہ سال موسمی زکام کے مقابلے میں اوسطاً 2 سے 9 گنا، جبکہ امراضِ قلب کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ رہے ہوں گے۔ کووِڈ 19 کی وجہ سے 55 تا 75 سال کے 45 فیصد لوگوں کی زندگی کم ہوئی، 55 سال سے کم عمر کے 30 فیصد افراد میں، جبکہ 75 سال سے زائد عمر کے 25 فیصد بزرگوں کی زندگی کم ہوئی۔

جن ممالک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی صنف (مرد یا عورت) سے متعلق اعداد و شمار دستیاب تھے، ان کی روشنی میں یہ بھی پتا چلا کہ خواتین کے مقابلے میں مردوں میں زندگی کے ضائع شدہ سال 44 فیصد زیادہ تھے۔ اس تحقیق میں 2019 کے اختتام سے لے کر 6 جنوری 2021 تک، کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا ڈیٹا کھنگالا گیا جو 81 ممالک سے حاصل کیا گیا تھا۔ البتہ، ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ان کا اندازہ غلط بھی ہوسکتا ہے کیونکہ ایک عالمی وبا کے دنوں میں خاص اسی وبا سے مرنے والوں کی تعداد کا درستی سے حساب رکھنا بہت مشکل کام ہے۔ مطلب یہ کہ کورونا کے باعث ضائع شدہ انسانی زندگی کے سال حقیقت میں 2 کروڑ 5 لاکھ (20.5 ملین) سے بہت کم یا پھر بہت زیادہ بھی ہوسکتے ہیں۔ یہ تحقیق آن لائن ریسرچ جرنل ’’سائنٹفک رپورٹس‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی ہے ۔