ایسٹر اسپتال کی جانب سے سوغریب بچوں کے مفت آپریشن کا اعلان

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 19-11-2021
 ایسٹر اسپتال کی جانب سے سوغریب بچوں کے مفت علاج کا اعلان
ایسٹر اسپتال کی جانب سے سوغریب بچوں کے مفت علاج کا اعلان

 

 

آواز دی وائس، بنگلور

یوم عالمی اطفال کے موقع پرریاست کرناٹک کےدارالحکومت بنگلورمیں واقع ایسٹر اسپتال نے ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ اس اسپتال نے 12 برس کی عمر تک کے سو غریب بچوں کے مفت آپریشن  کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے 24 گھنٹے کی ایک کثیر لسانی ہیلپ لائن سروس قائم کی گئی ہے۔

یوم اطفال کے موقع پر اسٹر اسپتال کی جانب سے ’سیکنڈ لائف۔ بی کاوز لٹل لائفز میٹر‘(Second Life – Because Little Lives Matter) کے بنیر تلے یہ کام شروع کیا گیا ہے۔

اس کا واحد مقصد پسماندہ بچوں کے طبی علاج میں مدد فراہم کرنا ہے۔ اس کے تحت 12 سال سے کم عمر کے کم از کم 100 بچوں کی مفت پیڈیاٹرک سرجری کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔

ایسٹروالنٹیرس گلوبل سی ایس آر(Aster Volunteers Global CSR) کے اس اقدام کے ذریعے کمپنی ان مستحق بچوں کی مدد کرنا چاہتی ہے جن کا علاج ہندوستان کی پانچ ریاستوں میں واقع اسٹراسپتالوں میں ہو رہا ہے۔

اس میں بچپن کی عام بیماریاں شامل ہیں، مثلاً اپینڈیسائٹس(appendicitis)، انسیسیپشن(intussusception)، ایمپییما(empyema) اور پیڈیاٹرک یورولوجی سرجری(paediatric urology surgery)، نیز پیچیدہ طبی سرجری، بشمول بون میرو ٹرانسپلانٹ(bone marrow transplant)، جگر کی پیوند کاری اور دل کی سرجری وغیرہ شامل ہیں۔

خیال رہے کہ یہ پہل 15 نومبر2021 کو بنگلورو میں کرناٹک اور مہاراشٹرا کلسٹرکے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر نتیش شیٹی کے ذریعہ شروع کی گئی تھی۔ جس میں کیرالہ اور عمان کلسٹر کے ریجنل ڈائریکٹر فرحان یاسین کے علاوہ علاقائی سی ای او و تلنگانہ اور آندھرا پردیش کلسٹر دیوآنند کے ٹی وغیرہ شریک ہوئے۔

علاج کی مالی اعانت یا تو ایسٹر ڈی ایم فاؤنڈیشن یا این جی اوز کی طرف سے ادا کی جائے گی۔ فاؤنڈیشن نے اس پروگرام کے لیے کچھ معیار قائم کئے ہیں۔

درخواستوں کا جائزہ سماجی و اقتصادی حیثیت سے کیا جائے گا۔ بی پی ایل زمرہ والے بچوں کو ترجیح دی جائے گی۔ اس سےقبل بیمار بچوں کا طبی معائنہ کیا جائے گا۔

اس کے لیے 24 گھنٹے ایک کثیر لسانی ہیلپ لائن (9633620660-91+) کیرالہ کے کوزی کوڈ قائم کی گئی ہے۔