گنج پن کا علاج کرنے والی پہلی دوا کی منظوری

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 17-06-2022
گنج پن کا علاج کرنے والی پہلی دوا کی منظوری
گنج پن کا علاج کرنے والی پہلی دوا کی منظوری

 

 

نیویارک: گنج پن کا باعث بننے والے مرض الوپ پیسیا کے علاج کے لیے پہلی دوا کے استعمال کی منظوری امریکا میں دی گئی ہے۔ یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی جانب سے  اس دوا کی منظوری دی گئی۔

یہ دوا ایسے مریضوں کے لیے مددگار ثابت ہوگی جو کسی آٹو امیون بیماری کے نتیجے میں گنج پن کا شکار ہونے لگتے ہیں۔

آٹو امیون امراض میں جسم کے خلیات بالوں کی جڑوں پر حملہ آور ہوجاتے ہیں جس سے سر کے مختلف جگہوں سے بال اڑنے لگتے ہیں۔ یہ نئی دوا ایسے مخصوص انزائمے کی روک تھام کرتی ہے جو گنج پن کا باعث بننے والے اس عمل کا حصہ ہوتے ہیں۔

امریکی کمپنی ایلی للی نے یہ دوا تیار کی ہے اور کلینکل ٹرائلز کے دوران اس کے نتائج کافی حوصلہ افزا رہے تھے۔ کلینکل ٹرائلز کے دوران الوپ پیسا کے نتیجے میں گنج پن کا شکار ہونے والے متعدد افراد کے بال دوبارہ اگنے لگے تھے۔

ٹرائلز کے دوران دوا کے کچھ مضر اثرات بشمول نظام تنفس کے امراض،کولیسٹرول کی سطح میں اضافے، سردرد اور کیل مہاسوں کو دریافت کیا گیا تھا، مگر محققین نے دوا کو محفوظ اور مؤثر قرار دیا۔ اس دوا کو دن بھر میں ایک بار کھانا ہوگا۔ خیال رہے کہ الوپ پیسا سے صرف امریکا میں ہی 68 لاکھ افراد متاثر ہیں اور دنیا بھر میں اس کے مریضوں کی تعداد کروڑوں میں ہے مگر اب پہلی بار اس کے علاج کے لیے دوا کی منظوری دی گئی ہے۔

ایف ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محفوظ اور مؤثر علاج تک رسائی اہمیت رکھتی ہے اور اس دوا کی منظوری سے الوپ پیسا کے مریضوں کے علاج میں نمایاں مدد مل سکے گی۔