اے ایم یو: بڑی سرجری کے بعد ملی مریض کو نئی زندگی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 27-06-2022
اے ایم یو:  بڑی سرجری کے بعد ملی مریض کو نئی زندگی
اے ایم یو: بڑی سرجری کے بعد ملی مریض کو نئی زندگی

 

 

علی گڑھ،:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال (جے این ایم سی ایچ) کے سرجنوں اور ڈاکٹروں نے ایک 16سالہ مریض کی مشکل اور نادر سرجری کرکے اسے نئی زندگی دی ہے، جس کے نچلے دھڑ میں شدید چوٹ کی وجہ سے حس و حرکت تقریباً ختم ہوگئی تھی اور جسے نئی دہلی کے ایک بڑے اسپتال نے ابتدائی علاج کے بعد واپس کر دیا تھا۔

جے این ایم سی ایچ کے اینستھیسیالوجی و کریٹیکل کیئر شعبہ اور نیورو سرجری شعبہ کے ڈاکٹر ایم تابش خان، ڈاکٹر معظم حسن اور ڈاکٹر عاطف خالد سمیت سرجنوں اور اینستھیسیا ماہرین کی ایک ٹیم نے اس چیلنج کو قبول کیا اور تقریباً 8 گھنٹے طویل سرجری کی اور پوسٹ آپریٹیو علاج کیا۔ مریض کی حالت بہتر ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ایک دیگر مریض جس کی ریڑھ اور پیٹھ مُڑی ہوئی تھی اس کا بھی آپریشن سرجنوں کی ٹیم نے کیا۔ پروفیسر قاضی احسان علی (چیئرمین، اینستھیسیالوجی و کریٹیکل کیئر شعبہ) نے کہا کہ ریڑھ کی ہڈی کی خرابی سرجنوں اور اینستھیسیا ماہرین کے لئے ایک چیلنج تھا، جسے پہلے ایک مستقل اور ناقابل تلافی معذوری سمجھا جاتا تھا۔ تاہم اس شعبے میں ہونے والی ترقیات و پیش رفت کے باعث اب اسے درست کرنا ممکن ہوگیا ہے اور سرجنوں کی کوششیں مثبت نتائج دے رہی ہیں