-- مٹھی بھر بادام

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
--- مٹھی بھر بادام
--- مٹھی بھر بادام

 

 

وقت بے وقت کی بھوک میں اگر بادام کا استعمال کیا جائے تو نہ صرف توانائی بخش ہے بلکہ کئی طبی مسائل بھی حل ہوسکتے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق بادام متعدد اجزاء کے حصول کا قدرتی ذریعہ ہے جن میں پروٹین اور صحت بخش چربی قابل ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ بادام میں وٹامن ای، غذائی فائبر، میگنیشم، کاپر، زنک، آئرن، پوٹاشیم اور کیلشیئم سمیت 15 غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں۔ چند فوائد درج ذیل ہیں جو آپ کو بادام کے استعمال پر مجبور کر دیں گے۔ لیکن خیال رہے کہ انہیں پانی میں بھگوکر چھلکا اُتار کر کھانا زیادہ بہتر ہے۔

کولیسٹرول کنٹرول میں رکھتا ہے

بادام کا استعمال خون کے سرخ خلیوں میں وٹامن ای کی سطح کو بڑھانے اور کولیسٹرول کے خطرے کو کم کرنے میں مفید ثابت ہوتا ہے۔ وٹامن ای خون میں شامل ہوکر اینٹی آکسیڈینٹ بناتا ہے، جو جسم میں کولیسٹرول کی نشوونما کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ روزانہ مٹھی بھر بادام کھانے سے خون میں وٹامن ای کی مناسب مقدار پیدا ہوتی ہے جس سے کولیسٹرول کے خطرے سے بھی بچا جاسکتا ہے۔

امراض قلب میں مفید

بادام کا دیگر خشک میوہ جات کے ساتھ استعمال دل کی مختلف بیماریوں سے بچاؤ میں مفید ہوتا ہے۔ بادام سے خون میں اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار بڑھ جاتی ہے جو بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے اور جسم کے مختلف حصوں میں خون کی روانی کو بہتر کرتا ہے جس سے دل کی مختلف بیماریوں کا خدشہ کم ہوجاتا ہے۔

ذیابطیس قابو میں رکھتا ہے

بادام میں موجود میگنیشیم خون میں شکر کی سطح کو کنٹرول کرتا ہے اور اسے مستحکم رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ ٹائپ 2 ذیابطیس کے شکار افراد کے لیے روزانہ مٹھی بھر بادام کا استعمال صحت بخش ہے۔ اس میں موجود میگنیشیم جسم میں انسولین کے خلاف مزاحمت پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

بلڈ پریشر میں توازن برقرار رکھتا ہے

خون میں میگنیشیم کی کمی ہائی بلڈ پریشر کا سبب بن سکتی ہے، جو دل کا دورہ، فالج اور گردے فیل ہونے کا باعث بنتا ہے۔ بادام میں موجود میگنیشیم بلڈ پریشر کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے۔ اگر آپ بھی میگنیشیم کی کمی کا شکار ہیں تو آپ کو اپنی خوراک میں بادام ضرور شامل کرنا چاہیے۔

غذائی اجزاء کو جذب ہونے میں مدد دیتا ہے

بادام میں موجود چکنائی وٹامن اے اور ڈی کے افعال اور ان کے جذب ہونے میں معاون ثابت ہوتی ہے، یہ جسم میں موجود خراب چربی کو جذب کرنے میں فائدہ پہنچاتے ہیں۔