یوٹیوب کا شارٹ ویڈیو بنانے والوں کے لیے نیا اعلان

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 21-09-2022
 یوٹیوب  کا شارٹ ویڈیو بنانے والوں کے لیے نیا اعلان
یوٹیوب کا شارٹ ویڈیو بنانے والوں کے لیے نیا اعلان

 

 

 ویب ڈیسک: ویڈیو سٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے مقبول ترین اپلیکشن ’ٹِک ٹاک‘ کے ساتھ اپنا مقابلہ تیز ہونے کے بعد اپنے پلیٹ فارم پر شارٹ ویڈیوز بنانے والوں کو ادائیگیوں کی نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گوگل کی اسٹریمنگ سروس یوٹیوب نے منگل کو اعلان کیا کہ وہ اپنے ویڈیو فیچر ’شارٹس‘ پر اشتہارات متعارف کرا رہی ہے جن کی آمدن کا 45 فیصد ویڈیو بنانے والوں کو ملے گا۔

واضح رہے کہ یوٹیوب پہلے ہی سے ویڈیو بنانے والوں(کری ایٹرز) کو آمدن کا 55 فیصد ادا کر رہی ہے جبکہ مقبول ترین شارٹ ویڈیو اپیلیکشن ٹک ٹاک نے ویڈیوز بنانے والوں کے لیے ماہانہ ایک ارب ڈالرز کا بجٹ مختص کیا ہے۔

ہیئر سٹائلسٹ کرس کولِنز جو اب یوٹیوب کری ایٹر بھی ہیں، انہوں نے شارٹس کی آمدن میں شراکت کی پیشکش پر یوٹیوب کی تعریف کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’دوسرے پلیٹ فارم پر لوگ اپنی 15 سیکنڈ کی ویڈیوز کے ذریعے مقبول ہونے کی جانب متوجہ ہیں جو بہت اچھا ہے۔ لیکن یوٹیوب ایک مختلف انداز اختیار کر رہا ہے۔ وہ تخلیق کاروں کو متعدد فارمیٹس میں مواد تیار میں مدد فراہم کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ تین برس سے ویڈیو اپلیکشن ٹِک ٹاک کے ساتھ یوٹیوب کا مقابلہ چل رہا ہے اور اسی مقابلے کی فضا میں یوٹیوب نے 2021 کے اواخر میں 60 سیکنڈز دورانیے کی ویڈیو کے لیے ’شارٹس‘ کا فیچر متعارف کرایا تھا جس کے ناظرین کی تعداد اب ماہانہ ڈیڑھ ارب تک پہنچ چکی ہے۔

یوٹیوب شارٹس کیا ہے؟

گوگل کی ملکیتی ویڈیو ویب سائٹ یوٹیوب کے ’شارٹس‘ کو مارچ 2021 میں امریکہ میں متعارف کرایا گیا تھا۔

یہ لپ سنگنگ ویڈیوز کے مقبول پلیٹ فارم ٹک ٹاک ہی کی طرح کی ایک ایپلیکیشن ہے، جہاں ویڈیوز کی صورت میں کنٹینٹ اپ لوڈ کرنے والے یوزرز ساؤنڈ اور میوزک کے ساتھ 60 سیکنڈ دورانیے کی مختصر ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہیں۔