آئی فون 14 خریدنے کے لیے ہزاروں میل کا سفر

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 21-09-2022
 آئی فون 14 خریدنے کے لیے ہزاروں میل کا سفر
آئی فون 14 خریدنے کے لیے ہزاروں میل کا سفر

 

 

دبئی: کیرالہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے ایپل کا نیا فون اپنے ملک میں فروخت شروع ہونے سےکئی گھنٹے قبل خریدنے کے لیے دبئی تک کا ایک ہزار میل سے زیادہ کا فاصلہ طے کیا۔

دھیرج پلیالی نے جو خود کو ’سٹیو جابز کا سب سے بڑا فین‘ قرار دیتے ہیں کہ انہوں نے دبئی کے میردیف سینٹر میں ایک پریمیئم ری سیلر سے بالکل نیا آئی فون 14 خریدنے کی خاطر اپنی پرواز کے ٹکٹوں پر 40 ہزار ہندوستانی روپے خرچ کیے۔

ان کا کہنا تھا: ’میں ایپل کا نیا آئی فون خریدنے کے لیے 2017 سے دبئی آ رہا ہوں جب آئی فون 8 لانچ کیا گیا تھا۔‘ دبئی میں ایپل کا نیا فون بھارت میں فروخت کے لیے پیش کیے جانے سے ہفتوں قبل جاری کیا گیا تھا۔

کوچی شہر میں ڈیئر پکچر ڈیجیٹل کنسلٹنسی کے ڈائریکٹر دھیرج نے آئی فون 11 پرو میکس، آئی فون 12 اور آئی فون 13 سمیت بعد کے ماڈلز کے لیے سفر کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ اور اگرچہ ایپل کا نیا ترین ماڈل جس کی قیمت ایک لاکھ 29 ہزار انڈین روپے ہے، اسی دن چند گھنٹوں بعد ملک میں دستیاب تھا، لیکن پھر بھی آئی فون کے اس شوقین شخص نے سفر کیا۔

انہوں نے کہا: ’اب سفر کے ساتھ میرا لگاؤ جذباتی ہے۔ اس سے آپ کو شوروم کے اندر رہنے کا ایک خاص احساس ہوتا ہے، جب ہزاروں لوگ خریدنے کے منتظر ہوتے ہیں تو آپ پہلے گاہک کے طور پر فون خریدتے ہیں۔‘

2011 میں انتقال کرنے والے ایپل کے سابق چیف ایگزیکٹو جابز کو یاد کرنے کا ایک طریقہ قرار دیتے ہوئے دھیرج پلیالی نے کہا: ’یہ اب ایک رسم بن چکی ہے کیونکہ میں اسی سٹور سے آئی فون خریدتا ہوں۔‘ حالانکہ ان کے گھر والے ’پرتعیش اشیا پر پیسہ برباد کرنے‘ کی وجہ سے پہلے ان کی سرزنش کرتے تھے لیکن اب وہ راضی ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا: ’ وہ مجھ سے کہا کرتے تھے کہ اتنا پیسہ خرچ مت کرو کیونکہ نیا ماڈل انڈیا میں 10-15 دن میں آجائے گا، لیکن اب انہیں احساس ہوا ہے کہ یہ جذبہ ہے اور یہ سٹیو جابز کو اعزاز دینے کا میرا طریقہ ہے۔ ’اور اب وہ ہی مجھے نئے فون کی ریلیز کے بارے میں آگاہ کرتے ہیں اور مجھ سے پوچھتے ہیں کہ میں اسے خریدنے کے لیے دبئی کب جا رہا ہوں۔ وہ سب میری اچھی طرح حمایت کر رہے ہیں اور یہ بہت اچھا ہے۔