انسٹاگرام: شاپنگ فیچرز کم کرنے کا فیصلہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 08-09-2022
انسٹاگرام: شاپنگ فیچرز کم کرنے کا فیصلہ
انسٹاگرام: شاپنگ فیچرز کم کرنے کا فیصلہ

 


نئی دہلی : سوشل میڈیا پر مختلف ایپ خود کو پر کشش بنانے کے لیے کچھ نہ کچھ نیا کرتے رہتے ہیں۔ کہیں کچھ اضافہ ہوتا ہے تو کہیں کٹوتی۔ اب خبر آئی ہے کہ انسٹاگرام اپنے پلیٹ فارم پر شاپنگ فیچرز کو کم کر رہا ہے تاکہ کمپنی کی ای کامرس پالیسی کے تحت براہ راست اشتہارات پر زیادہ توجہ مرکوز کی جا سکے۔

 دراصل ٹیکنالوجی جریدے ’دی انفارمیشن‘ نے کمپنی کے ایک داخلی میمو کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ کمپنی کے ملازمین کو اس پالیسی کی سمت میں تبدیلی کے بارے میں مطلع کیا گیا ہے اور انہیں بتایا گیا کہ پلیٹ فارم کا موجودہ شاپنگ پیج بالآخر ختم ہو جائے گا۔

اس میمو میں کہا گیا کہ کمپنی کی اب بھی خواہش ہے کہ صارفین مصنوعات کی تلاش اور خریداری کے لیے یہ پلیٹ فارم استعمال کریں۔

 یاد رہے کہ انسٹا کی ملکیتی کمپنی ’میٹا‘ کے ترجمان نے ’انسائیڈر‘ کو بتایا کہ ’ای کامرس انسٹاگرام کے لیے اہم ہے کیونکہ ہم صارفین کے لیے فیڈ، سٹوریز، ریلز، لائیو شاپنگ اور ڈراپس جیسے فیچرز سے پوری ایپ میں مصنوعات کی تلاش اور خریداری کو آسان بناتے رہیں گے۔

انسٹاگرام کا یہ اقدام ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب میٹا کی رپورٹ کے مطابق جولائی میں تاریخ میں پہلی بار کمپنی کی آمدنی کم ہوئی ہے۔

میٹا کی آمدنی میں کمی ڈیجیٹل اشتہاری مارکیٹ میں کمی کے بعد ہوئی جس کا گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ اور سنیپ جیسے حریفوں کو بھی سامنا کرنا پڑا۔

انسٹاگرام کو حریف ایپ ٹک ٹاک کے ساتھ بھی سخت مقابلے کا سامنا ہے۔

ان میں سے کچھ چیلنجز سے نمٹتے ہوئے میٹا نے گذشتہ ہفتے اعلان کیا کہ وہ جون میں مارک زکربرگ کے اعلانات کے مطابق اپنے پلیٹ فارمز بشمول انسٹاگرام پر متعدد پیڈ فیچرز کی جانچ کر رہا ہے۔

زکربرگ نے کہا تھا: ’ہمارا مقصد تخلیق کاروں کے لیے فیس بک اور انسٹاگرام پر پیسہ کمانے کے مزید طریقے تیار کرنا ہے اور ایسی اپ ڈیٹس کا اشتراک کرنا جو تخلیق کاروں کو میٹاورس بنانے میں مدد کریں گے۔

انہوں نے فیس بک پر شیئر کی گئی پوسٹ میں مزید لکھا: ’ہم ایک ایسے مستقبل کی طرف جا رہے ہیں جہاں زیادہ سے زیادہ لوگ تخلیقی کام کر سکتے ہیں جس سے وہ لطف اندوز ہوں اور میں چاہتا ہوں کہ ہمارے جیسے پلیٹ فارمز ایسا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

جب کہ کمپنی اپنی ای کامرس کے متعدد فیچرز کو کم کر رہا ہے جن میں انسٹاگرام شاپنگ کے اندر ’کریئٹر کامرس‘ میں میٹا کی سرمایہ کاری اور اس کے ’فرینڈز اینڈ فیملی شاپنگ سیکشن‘ شامل ہیں۔ ایپ کا شاپنگ ٹیب اب بھی لوگوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا جو ان کے لیے ذاتی نوعیت کے نئے برانڈز تلاش کر سکے گا۔

دی انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اگلے چند مہینوں میں شاپنگ پیج کے ایک آسان اور کم ذاتی ورژن کی جانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جسے داخلی طور پر ’ٹیب لائٹ‘ کہا جاتا ہے۔