ایپل : کیاجامنی رنگ کا نیا آئی فون ریلیز کرنے والا ہے؟

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
 ایپل: کیا جامنی رنگ کا نیا آئی فون ریلیز کرنے والا ہے؟
ایپل: کیا جامنی رنگ کا نیا آئی فون ریلیز کرنے والا ہے؟

 

 

نیویارک:دنیا بھر میں آئی فون صارفین کی تعداد بلاشبہ لاکھوں میں ہے۔ ہر سال آئی فون کے دلدادہ افراد ستمبر کے مہینے کا شدت سے انتظار کرتے ہیں کیونکہ ایپل ایونٹ میں نئے آئی فون کی ریلیز کا اعلان کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے کچھ روز سے نئے آئی فون 14 کے بارے میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ کمپنی نیا فون جامنی رنگ میں بھی ریلیز کرے گی۔ ایپل اگر آئی فون جامنی رنگ میں ریلیز کرتا ہے تو یہ ایک نیا اضافہ ہو گا

ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق اس مرتبہ آئی فون 14 پرو اور آئی فون 14 پرو میکس کے درمیان جہاں قیمتوں میں فرق ہو گا وہیں ان میں دو اہم فیچرز تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں گی جبکہ بقیہ فیچرز ایک جیسے ہوں گے۔ آئی فون پرو 14 کا سکرین سائز 6.1 انچ، بیٹری سائز 3200 میگا ہارٹس ہو گا جبکہ آئی فون پرو میکس 14 کا سکرین سائز 6.7 انچ اور بیٹری سائز 4352 میگا ہارٹس ہو گا۔ اس کے علاوہ دونوں ماڈلز میں ریفریش ریٹ 120-1 ہارٹس، سی پی یو اے 16 بائیونک، ریم 6 جی بی، سٹوریج 256، 512 اور ون ٹی بی، کیمرہ 48 اور 12 میگا پگسل جبکہ رنگ جامنی، سبز، سِلور اور گریفائٹ ہو گا۔

اس سے پہلے آئی فون 14 پرو کے بارے میں یہ خبریں بھی آئی تھیں کہ اس میں آن سکرین فیچر بھی شامل کیا جائے گا تاہم اس بارے میں ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا بلکہ اسے ایک افواہ ہی کہا جا رہا ہے۔ آئی فون پرو 14 اور 14 پرو میکس کے بارے میں یہ قیاس آرائی بھی کی جارہی تھی کہ اس جدید فون میں ایپل آئی ڈی کے ذریعے سیٹلائٹ کمیونیکیشن کی سہولت کے تحت کالنگ کی سہولت بھی دی جائے گی۔ خیال رہے کہ اس برس کا ایپل ایونٹ سات ستمبر کو ہونے جا رہا ہے جس میں ہمیشہ کی طرح ایپل اپنی نئی اور جدید مصنوعات کی ریلیز کا اعلان کرے گی۔ آئی فون 14 کے جامنی رنگ کی خبروں کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین بھی تبصرے کر رہے ہیں۔ سمیع فتحی لکھتے ہیں کہ ’اگر آئی فون 14 کے بارے میں تمام افواہیں غلط نکل آئیں تومیں ہنسوں گا یا رو پڑوں گا۔ نونچ وہی رہے، 12 میگا پگسل کیمرہ ہو، آلویز آن ڈسپلے نہ ہو نہ جامنی رنگ ہو بس نئی چِپ ہو اور ہلکا سبز اور گرافائٹ رنگ ہو۔‘