ایپل ڈیوائسز :ہیکرز ان کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے سکتے ہیں

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 19-08-2022
ایپل ڈیوائسز :ہیکرز ان کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے سکتے ہیں
ایپل ڈیوائسز :ہیکرز ان کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے سکتے ہیں

 

 

نیویارک:امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنی مصنوعات میں پیدا ہونے والی ایک خرابی سے متعلق خبردار کیا ہے جس کی وجہ سے آئی فون، آئی پیڈ اور میک کمپیوٹر ہیک ہو سکتے پیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایپل نے اپنے تمام صارفین سے ایمرجنسی سافٹ ویئر اپڈیٹس انسٹال کرنے کا کہا ہے۔ ایپل نے اس خرابی کو درست کرنے کے لیے بدھ اور جمعرات کو معمولی سافٹ ویئر اپڈیٹس جاری کی تھیں۔

ایپل نے مزید کہا کہ وہ اس رپورٹ کا علم رکھتا ہے جس میں بتایا گیا کہ ممکنہ طور پر اس خرابی کا بھرپور طریقے سے غلط فائدہ اٹھایا گیا ہے۔ تاہم ایپل نے یہ نہیں بتایا کہ ہیکرز نے کس حد تک اس خرابی کا غلط فائدہ اٹھایا ہے۔

اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ ہیکر ایپل ڈیوائسز کو ہیک کر کے ان کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے سکتے ہیں اور ان میں موجود ڈیٹا تک بھی رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ ایپل نے ان آئی فون، آئی پیڈ اور میک کمپیوٹرز میں سافٹ ویئر اپڈیٹس ریلیز کی ہیں جن کا آپریٹنگ سٹم متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ خیال رہے کہ رواں سال جون میں بھی ایپل اور اینڈرائڈ سمارٹ فونز کی جاسوسی کا انکشاف ہوا تھا۔

انٹرنیٹ کی دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے انکشاف کیا تھا کہ اٹلی کی ایک کمپنی کے ٹولز کی مدد سے اٹلی اور قازقستان میں ایپل اور اینڈرائڈ سمارٹ فونز کی جاسوسی کی گئی ہے۔ اٹلی کے شہر میلان میں واقع آر سی ایس لیب نامی کمپنی کی جانب سے ایسے ٹولز بنائے گئے ہیں جن سے پیغامات اور کانٹیکٹ لسٹ تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کمپنی کی ویب سائٹ میں یہ دعوٰی بھی کیا گیا ہے کہ یورپ کے قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی اس کے کلائنٹس ہیں۔ یہ خبر سامنے آنے کے بعد ایپل کے ترجمان نے کہا تھا کہ کمپنی نے ہیکنگ کی مہم سے تعلق رکھنے والے تمام اکاؤنٹس اور سرٹیفکیٹ منسوخ کر دیے ہیں۔