جدید ڈرونز جو زندگی بچانے والی ادویات ’مِنٹوں میں پہنچائیں گے‘

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 16-01-2023
جدید ڈرونز جو زندگی بچانے والی ادویات ’مِنٹوں میں پہنچائیں گے‘
جدید ڈرونز جو زندگی بچانے والی ادویات ’مِنٹوں میں پہنچائیں گے‘

 

 

 لندن : زندگی بچانے والی ادویات مریضوں تک فوری طور پر پہنچانے کے لیے اب چھوٹے ڈرونز استعمال ہوں گے۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اس ڈرون سروس کا پہلے امریکہ اور اس کے بعد آئرلینڈ اور برطانیہ میں آغاز کیا جائے گا۔

لگ بھگ 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے حامل یہ جدید ڈرونز ہنگامی صورتحال کی اطلاع ملنے کے بعد چند منٹوں میں ضروری ادویات مریض تک پہنچائیں گے۔ امریکہ میں ایمبولینس اور ایمرجنسی سروسز کے اہکاروں کو ان ڈرونز کو آپریٹ کرنے کی تربیت دی جا رہی ہے۔ اس سروس کے تحت زندگی بچانے والے انجیکشن ’ایپی پِنز‘ اور دل کے عارضے میں مبتلا لوگوں کے لیے ضروری طبی آلات فوری طور پر فراہم کیے جائیں گے۔

فوری ڈیلیوری

امریکی کمپنی ’بلیو فلائٹ‘ نے کہا کہ ’ان ڈرونز (جو تجرباتی مراحل سے گزر رہے ہیں) کا مقصد ضروری ادویات کی فوری ڈیلیوری ہے۔یہ ڈرونز لگ بھگ 130 فٹ بلندی تک پرواز کریں گے اور 10 میل کے دائرے میں موجود کسی بھی شخص تک ادویات پہنچا سکیں گے۔ یہ ڈرون مطلوبہ مقام پر پہنچ کر ادویات یا طبی آلات ڈیلیور کرنے سے قبل کچھ دیر کے لیے فضاء میں معلق رہے گا۔ یہ مریض کو اس کیمرے کی مدد سے پہچانے گا جو اس پر نصب ہے۔ ا

اہم معاہدہ

’بلیو فلائٹ‘ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ ایک بڑی امریکی میڈیکل ٹرانسپورٹیشن کمپنی کے ساتھ معاہدے کے لیے بات چیت جاری ہے۔

بلیو فلائٹ کے ٹیکنالوجی آفیسر جیمز میکلیرین نے بتایا کہ وہ آئرلینڈ کی ایک کمپنی کے ساتھ معاہدے کے آخری مراحل میں ہیں اور توقع ہے کہ جلد برطانیہ میں بھی یہ ڈرون طیارے اپنا کام شروع کر دیں گے۔ جیمز میکلیرین نے مزید بتایا کہ ’آپریٹرز کی ایک ٹیم کی تربیت جاری ہے تاکہ وہ طبی مدد طلب کرنے والے شخص کے پاس جلد سے جلد پہنچنے کے قابل ہو جائیں۔ ہمارا ہدف اطلاع کے بعد تین منٹ کے اندر اندر مریض تک پہنچنا ہے۔

’بلیو فلائٹ‘ کے سی ای او فرینگ نوبل نے کہا ہے کہ ‘ڈرونز کے ذریعے زندگی بچانے والی ادویات کی ترسیل ایمرجنسی کی صورت حال سے نمٹنے میں بہت اہم کردار ادا کرے گی۔‘ ’اس آپریشن کا ہر لمحہ بہت اہم ہو گا اور اس کے ذریعے شہریوں کے طبی مسائل میں کمی آئے گی۔