ممبئی/ آواز دی وائس
بالی وُڈ اداکارہ اور عامر خان کی فلم "دنگل" میں گیتا پھوگاٹ کے بچپن کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ زائرہ وسیم ان دنوں خبروں میں ہیں۔ دراصل، حال ہی میں انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر دو ایسی تصاویر شیئر کی ہیں جو تیزی سے سرخیوں میں آ گئی ہیں۔
ااداکارہ نے نکاح کر لیا ہے۔ تاہم، یہ پہلا موقع نہیں ہے جب زائرہ وسیم خبروں میں آئی ہوں۔ اس سے پہلے بھی، سال 2019 میں انہوں نے مذہبی وجوہات کی بنا پر فلم انڈسٹری کو الوداع کہہ کر سب کو حیران کر دیا تھا۔ اُس وقت بھی وہ کافی چرچا میں رہیں۔
کیا زائرہ وسیم نے نکاح کر لیا؟
زائرہ وسیم نے اپنے انسٹاگرام پر دو تصاویر شیئر کی ہیں۔ پہلی تصویر میں وہ اپنے ہاتھوں سے نکاح نامے پر دستخط کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ دوسری تصویر میں وہ دلہن کے لباس میں اپنے شوہر کے ساتھ چاند کو دیکھتے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔ اگرچہ دونوں تصاویر میں انہوں نے اپنا اور اپنے شوہر کا چہرہ نہیں دکھایا۔
اداکاری کو کہا تھا الوداع
ان تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے زائرہ نے کیپشن میں لکھا کہ قبول ہے ×3۔ ان کے اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ہر کوئی انہیں مبارکباد دیتا نظر آ رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ زائرہ کی عمر فی الحال صرف 24 سال ہے۔ اداکارہ کو “دنگل” میں شاندار اداکاری کے لیے نیشنل ایوارڈ برائے بہترین معاون اداکارہ بھی مل چکا ہے۔
دنگل کے بعد فلمی دنیا سے کنارہ کشی
دنگل” کے بعد انہوں نے 2017 میں فلم “سیکریٹ سپر اسٹار” میں کام کیا اور پھر انڈسٹری کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ دیا۔ زائرہ نے مذہب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بالی وُڈ چھوڑ رہی ہیں۔
اداکارہ نے اپنے ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ پانچ سال پہلے میں نے ایک ایسا فیصلہ کیا، جس نے میری زندگی کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔ جیسے ہی میں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا، شہرت کے کئی دروازے کھل گئے۔ مجھے توجہ ملنے لگی، اور کئی لوگ مجھے نوجوانوں کے لیے ایک رول ماڈل کے طور پر دیکھنے لگے۔ لیکن یہ سب کچھ وہ نہیں تھا جس کی میں نے خواہش کی تھی خاص طور پر کامیابی اور ناکامی کے تصور کے حوالے سے۔