اقبال دانش ۔ نئی دہلی
ہالی وڈ اداکارہ مارگوٹ روبی نے اپنی نئی فلم ودرنگ ہائٹس کے لاس اینجلس پریمیئر میں ایسا ہار پہنا جس نے فیشن سے زیادہ تاریخ کی طرف لوگوں کی توجہ مبذول کر لی۔ یہ ہار صرف ایک خوبصورت زیور نہیں بلکہ مغل دور سے جڑی ایک خاص وراثت ہے۔
فیشن میگزین ووگ کے مطابق یہ ہار مغل ملکہ نورجہاں سے منسوب ہے اور اسے تاج محل ڈائمنڈ نیکلس کہا جاتا ہے۔ یہی ہار ماضی میں مشہور ہالی وڈ اداکارہ الزبتھ ٹیلر کے پاس بھی رہا ہے۔
پریمیئر کے موقع پر مارگوٹ روبی نے ڈیزائنر شیاپریلی کا خاص لباس پہنا تھا لیکن اصل گفتگو ان کے گلے میں چمکنے والے اس نایاب ہار پر مرکوز رہی۔ یہ ہار دل کی شکل کے ہیرے سے بنا ہے جو جیڈ میں جڑا ہوا ہے اور سونے روبی اور ہیروں کی زنجیر سے سجا ہے۔
اس ہار پر فارسی میں لکھا ہے کہ محبت ہمیشہ رہتی ہے۔ اس پر ملکہ نورجہاں کا نام بھی درج ہے۔کہانی کے مطابق مغل بادشاہ جہانگیر نے یہ ہار اپنی اہلیہ نورجہاں کو محبت کی نشانی کے طور پر پیش کیا تھا۔ بعد میں یہ زیور ممتاز محل تک پہنچا جس کی وجہ سے اسے تاج محل سے جوڑا جانے لگا۔
کئی برس بعد یہ ہار یورپ پہنچ گیا اور مشہور زیورات کے برانڈ کارٹیر کے پاس چلا گیا۔ وہاں اسے نئے انداز میں تیار کیا گیا۔سال 1972 میں کارٹیر کے صدر نے یہ ہار الزبتھ ٹیلر کو ان کے شوہر رچرڈ برٹن کی جانب سے تحفے میں دیا تھا۔
الزبتھ ٹیلر کی وفات کے بعد سال 2011 میں یہ ہار نیلامی میں تقریباً 8.8 ملین ڈالر میں فروخت ہوا۔ اس وقت یہ کسی بھی ہندوستانی زیور کے لیے ریکارڈ قیمت تھی۔تاہم مارگوٹ روبی کے اس ہار کو پہننے کے بعد ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔ لوگ سوال اٹھا رہے ہیں کہ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے ایسے قیمتی زیورات نوآبادیاتی دور میں باہر کیسے چلے گئے۔ آج بھی ہندوستان اپنے کئی تاریخی خزانوں کی واپسی کی کوشش کر رہا ہے جن میں کوہ نور ہیرا بھی شامل ہے۔
مارگوٹ روبی کی فلم ودرنگ ہائٹس 13 فروری کو ریلیز ہو رہی ہے۔ اس فلم میں وہ اداکار جیکب ایلورڈی کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ یہ فلم مشہور مصنفہ ایملی برونٹے کے گوتھک ناول پر مبنی ہے۔