جہاں جہاں اردو،وہاں وہاں لتا:پاکستان بھی سوگوار

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 06-02-2022
جہاں جہاں اردو،وہاں وہاں لتامنگیشکر،عظیم گلوکارہ کے انتقال پرپاکستان بھی سوگوار
جہاں جہاں اردو،وہاں وہاں لتامنگیشکر،عظیم گلوکارہ کے انتقال پرپاکستان بھی سوگوار

 

 

اسلام آباد:پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے لتا منگیشکر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور اپنے پیغام میں کہا کہ 'لتا منگیشکر کا انتقال موسیقی کے ایک عہد کا خاتمہ ہے، لتا جی نے عشروں تک سُر کی دنیا پر حکومت کی اور ان کی آواز کا جادو رہتی دنیا تک رہے گا'۔

فواد چوہدری نے لکھا کہ 'جہاں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے وہاں لتا منگیشکر کو الوداع کہنے والوں کا ہجوم ہے'۔

 

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بھی گلوکارہ لتا منگیشکر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ لتا منگیشکرکے انتقال سے فن موسیقی کے ایک عہد کا خاتمہ ہوا،لتا منگیشکر کا گلوکاری میں کوئی ثانی نہیں تھا۔

 

پاکستان کے قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی سُروں کی ملکہ لتا منگیشکر کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا لتا منگیشکر کے انتقال سے موسیقی کی دنیا ایک ایسے گلوکار سے محروم ہوگئی جس نے اپنی سُریلی آواز سے نسلوں کو مسحور کیا۔

 

میری نسل کے لوگ ان کے خوبصورت گانے سنتے ہوئے بڑے ہوئے جو ہماری یادوں کا حصہ رہیں گے۔

 

 

جب کہ شوبزشخصیت بشریٰ انصاری نے بھی لتا منگیشر کے اعزاز میں انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی اور ان کے گانے 'یہ دل تم بن لگتا نہیں ہم کیا کریں' کے بول لکھے۔ ساتھ ہی بشریٰ انصاری نے کہا کہ 'آپ سے ملنے کی خواہش ہی رہ گئی لتا جی'۔