جب کنگ خان نے پجارا کا کریئر بچایا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 09-11-2025
جب کنگ خان نے پجارا کا کریئر بچایا
جب کنگ خان نے پجارا کا کریئر بچایا

 



 ممبئی- راہول ڈریوڈ کے بعد ٹیم انڈیا کے مضبوط ستون مانے جانے والے چیتشور پجارا کے بارے میں کئی دلچسپ کہانیاں سامنے آ چکی ہیں، مگر جو واقعہ اب منظرِ عام پر آیا ہے، وہ بالکل نیا اور مستند ہے۔ کیونکہ اس کا انکشاف خود پجارا کی اہلیہ، پوجا پجارا نے کیا ہے۔ یہ واقعہ 2009 کا ہے، جب پجارا انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کی جانب سے کھیل رہے تھے۔ اُس سال گھریلو کرکٹ میں اُن کی شاندار کارکردگی دیکھ کر کے کے آر نے انہیں سائن کیا تھا، لیکن بدقسمتی سے وہ ایک بھی میچ کھیلے بغیر شدید مصیبت میں پھنس گئے۔

اس وقت پجارا کی عمر صرف 21 سال تھی۔ نیٹ پریکٹس کے دوران وہ ایک کیچ پکڑنے کے لیے دوڑے، مگر گرنے کے نتیجے میں ان کے گھٹنے کے اندر کا ایک ligament پھٹ گیا۔ یہ وہی ligament ہوتا ہے جو گھٹنے کے جوڑ کو مضبوطی سے جگہ پر رکھتا ہے۔ اس چوٹ نے ان کے کیریئر پر خطرے کی گھنٹی بجا دی، کیونکہ اس قسم کی انجری سے بحالی میں عام طور پر ایک سال یا اس سے زیادہ وقت لگتا ہے، اور کئی کھلاڑیوں کا کیریئر ایسی چوٹ کے بعد ختم ہو جاتا ہے۔

پوجا پجارا نے اپنی کتاب "دی ڈائری آف اے کرکٹرز لائف" میں لکھا،

“چتیشور ایک کیچ لینے کے لیے دوڑے جو ان کے ہاتھ سے نکل گیا۔ وہ زمین پر گرے اور گھٹنے میں شدید چوٹ لگی۔ سرجری ناگزیر تھی، اور یوں لگنے لگا جیسے اُن کا کیریئر ابھی شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہو جائے گا۔ یہ سب کچھ اُس وقت ہوا جب وہ کے کے آر کے لیے ایک بھی میچ نہیں کھیل پائے تھے۔”

اس کے بعد کے کے آر کی ٹیم نے فوراً کارروائی کی اور فیصلہ کیا کہ پجارا کی سرجری جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں کرائی جائے، جہاں کھیلوں کی چوٹوں کا بہترین علاج ہوتا ہے۔ شروع میں پجارا کے والد چاہتے تھے کہ آپریشن راجکوٹ میں ہی ہو، مگر اسی وقت شاہ رخ خان نے خود ذاتی طور پر مداخلت کی۔ انہوں نے پجارا کے والد کو قائل کیا کہ جنوبی افریقہ میں ہی سرجری کرانا بہتر ہوگا۔

پوجا نے بتایا کہ شاہ رخ خان نے نہ صرف یہ مشورہ دیا بلکہ خود فرنچائز کے ذریعے تمام انتظامات کروائے — پاسپورٹ سے لے کر ویزا، ٹکٹ، رہائش، اور حتیٰ کہ پجارا کے والد اور فیملی ڈاکٹر کی جنوبی افریقہ روانگی تک کا بندوبست کے کے آر نے کیا۔

یوں شاہ رخ خان کی بروقت مداخلت نے چیتشور پجارا کے کیریئر کو بچا لیا — اور شاید اسی لیے آج وہ "دی وال" کے بعد ٹیم انڈیا کی نئی دیوار کہلائے۔