برتھڈے اسپیشل : کتنی ہے سلمان خان کی دولت؟ کبھی 75 روپے تھی بھائی جان کی تنخواہ

Story by  آمنہ فاروق | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-12-2025
برتھڈے اسپیشل : کتنی ہے سلمان خان کی دولت؟ کبھی 75 روپے تھی بھائی جان کی تنخواہ
برتھڈے اسپیشل : کتنی ہے سلمان خان کی دولت؟ کبھی 75 روپے تھی بھائی جان کی تنخواہ

 



آمنہ فاروق
بالی ووڈ کے سب سے بڑے ستاروں میں شمار ہونے والے سلمان خان آج اپنی 60ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اداکاری، اسٹائل اور اسکرین پر مضبوط موجودگی کے باعث انہوں نے نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں کروڑوں مداحوں کے دل جیتے ہیں۔ ایک یا دو نہیں بلکہ درجنوں 100 کروڑ کلب میں شامل فلمیں دینے والے سلمان خان آج صرف ایک اداکار نہیں، بلکہ ایک مکمل برانڈ بن چکے ہیں ایسا برانڈ جو فلموں کے ساتھ ساتھ کاروبار کی دنیا میں بھی کامیابی کی نئی مثالیں قائم کر رہا ہے۔
۔75 روپے سے کروڑوں تک کا سفر
سلمان خان گزشتہ 37 برسوں سے فلمی دنیا پر راج کر رہے ہیں۔ ہندوستان کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک بھی ان کی فین فالوونگ بے حد مضبوط ہے۔ سلمان خان کی خاص بات یہ ہے کہ وہ اپنی فلموں میں ہندوستانی ثقافت اور اقدار کو نمایاں کرتے نظر آتے ہیں۔ ایک دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ اپنے طویل کیریئر میں انہوں نے آج تک کسی فلم میں کسنگ سین نہیں دیا اسی وجہ سے نئی نسل کے ساتھ ساتھ پرانی نسل بھی ان کی دیوانی ہے۔
ایک پرانے انٹرویو میں سلمان خان نے بتایا تھا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بیک گراؤنڈ ڈانسر کے طور پر کیا تھا اور ان کی پہلی تنخواہ صرف 75 روپے تھی۔ آج وہی شخص بالی ووڈ کے امیر ترین اداکاروں میں شمار ہوتا ہے۔
کتنی ہے سلمان خان کی نیٹ ورتھ؟
سلمان خان کی دولت کروڑوں میں نہیں بلکہ اربوں میں ہے۔ رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے ’دبنگ‘ کی مجموعی دولت تقریباً 2,900 کروڑ روپے ہے۔وہ ایک فلم کے لیے قریب 100 کروڑ روپے فیس لیتے ہیں۔ فلموں کے علاوہ سلمان خان ٹی وی شوز، برانڈ اینڈورسمنٹس، ریئل اسٹیٹ اور مختلف کاروباروں سے بھی بھاری کمائی کرتے ہیں۔ انہوں نے سال 2012 میں اپنا برانڈ ’بیئنگ ہیومن‘ شروع کیا، جس کی موجودہ مالیت تقریباً 235 کروڑ روپے ہے۔ اس کے علاوہ پنویل میں ان کی 150 ایکڑ پر مشتمل جائیداد اور شاندار فارم ہاؤس موجود ہے۔ ممبئی، دبئی اور گورائی جیسے مقامات پر بھی ان کی کروڑوں روپے کی قیمتی جائیدادیں ہیں۔
سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلمیں
سلمان خان کے فلمی کیریئر میں کئی ایسی فلمیں شامل ہیں جنہوں نے باکس آفس پر تاریخ رقم کی۔ ان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شامل ہیں : بجرنگی بھائی جان، ٹائیگر زندہ ہے، سلطان، ٹائیگر 3، پریم رتن دھن پایو، ہندوستان، کِک، ایک تھا ٹائیگر، باڈی گارڈ اور دبنگ۔
کمائی کے اعداد و شمار کچھ یوں ہیں
بجرنگی بھائی جان  922 کروڑ
سلطان  627 کروڑ
ٹائیگر زندہ ہے  558 کروڑ
ٹائیگر 3  464 کروڑ
پریم رتن دھن پایو  405 کروڑ
ایک تھا ٹائیگر  320 کروڑ
باڈی گارڈ  230 کروڑ
دبنگ 215 کروڑ
۔75 روپے کی پہلی تنخواہ سے لے کر ہزاروں کروڑ کی سلطنت تک سلمان خان کا سفر جدوجہد، صبر اور خود اعتمادی کی زندہ مثال ہے۔ وہ آج بھی کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہیں اور آنے والے برسوں میں بھی اپنی فلموں، انداز اور شخصیت سے ناظرین کو محظوظ کرتے رہیں گے۔