وجے دیوراکونڈا نے رشمیکا مندانا کے ساتھ ہلدی کی تقریب کی تصاویرشیئر کیں

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-02-2026
وجے دیوراکونڈا نے رشمیکا مندانا کے ساتھ ہلدی کی تقریب کی تصاویرشیئر کیں
وجے دیوراکونڈا نے رشمیکا مندانا کے ساتھ ہلدی کی تقریب کی تصاویرشیئر کیں

 



اُدے پور
 تیلگو فلموں کے معروف اداکار وجے دیوراکونڈا نے بدھ کے روز اپنی شادی سے قبل ہلدی کی رسم کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ ان کی شادی اداکارہ رشمیکا مندانا کے ساتھ ہونے جا رہی ہے۔
یہ جوڑا جمعرات کو اُدے پور کے مضافات میں واقع ایک لگژری ہوٹل میں شادی کے بندھن میں بندھے گا، جبکہ شادی سے پہلے کی تقریبات گزشتہ دو دنوں میں منعقد کی جا رہی ہیں۔وجے دیوراکونڈا نے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے مداحوں کو ہلدی کی شاندار سجاوٹ کی جھلک دکھائی۔
تصاویر میں ایک گول شکل کی کھلی جگہ نظر آئی جہاں دلہا اور دلہن کے لیے درمیان میں دو چھوٹے لکڑی کے پٹڑے رکھے گئے تھے۔ اردگرد پیلے اور نارنجی گیندے کے پھولوں کی پتیاں ٹوکریوں میں سجی ہوئی تھیں۔
ایک اور اسٹوری میں اداکار نے پھولوں کی شکل کے ذاتی نامی تختیوں کی قریبی تصویر شیئر کی ایک پر “رشّی” لکھا تھا جو رشمیکا کا پیار بھرا نام ہے، جبکہ دوسری پر “وجے” درج تھا۔ یہ تختیاں کنول، گلاب اور گیندے کے تازہ پھولوں کے درمیان رکھی گئی تھیں۔ شادی کی تقریبات کے لیے خاندان کے افراد اور قریبی مہمان ہوٹل پہنچ چکے ہیں۔ دونوں اداکار پیر کے روز اُدی پور پہنچے تھے۔
ہوٹل اور اس کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ نجی سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ پولیس فورس بھی تعینات کی گئی ہے تاکہ شادی کی تقریبات کے دوران مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ سیکیورٹی انتظامات میں ڈرون پر پابندی بھی شامل ہے تاکہ اس ہائی پروفائل شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کے لیک ہونے سے بچا جا سکے، جس نے مداحوں کو خاصا پُرجوش کر رکھا ہے۔
منگل کے روز وجے اور رشمیکا نے تصاویر شیئر کیں جن سے ظاہر ہوا کہ انہوں نے ہوٹل کے احاطے میں دوستوں کے ساتھ دوستانہ کرکٹ میچ کھیلا، جسے انہوں نے “ویروش پریمیئر لیگ” کا نام دیا۔ رشمیکا نے شادی سے پہلے کھانے کے انتظامات کی ایک تصویر بھی شیئر کی، جس میں ڈنر ٹیبل کو گلابی ٹیولپس اور سفید پھولوں سے سجایا گیا تھا۔
یہ جوڑا فلموں  میں ایک ساتھ کام کر چکا ہے۔ دونوں گزشتہ سات برسوں سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں ہیں، تاہم انہوں نے حال ہی میں اس رشتے کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔
حال ہی میں ایک پوسٹ میں انہوں نے مداحوں اور چاہنے والوں کا مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنی شادی کو مداحوں کی جانب سے دیے گئے نام کے اعزاز میں “دی ویڈنگ آف ویروش” کہنا چاہتے ہیں۔
وجے دیوراکونڈا کئی کامیاب تیلگو فلموں میں نظر آ چکے ہیں، جن میں ارجن ریڈی شامل ہے، اور ان کے مداحوں کی تعداد خاصی بڑی ہے۔رشمیکا مندانا، جو تیلگو اور کنڑ سنیما کی صفِ اول کی اداکارہ ہیں، فلموں گیتا گووندم، پشپا: دی رائز اور اینیمل کے ذریعے غیر معمولی شہرت حاصل کر چکی ہیں۔