مسیحا:سونو سود کی حقیقی زندگی کا ناقابل فراموش کردار

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
 سونو سود
سونو سود

 

 

 شاہد حبیب / نئی دہلی

اشک بار آنکھوں کے ساتھ ایک شخص اپنے محسن اور لاکھوں مصیبت زدہ افراد کے مسیحا  بن کر سامنے آنے والے خوبصورت اداکار سونو سود کے پیروں میں گر گیا ۔ سونو سود واقعی اس قدم بوسی کے بجا طور پر حق دار بنتے ہیں کیونکہ کورونا کی اس سخت ترین آزمائش اور ملکی تاریخ کے سب سے بڑے قدرتی سانحوں میں سے ایک اس وبائی عذاب نے لاکھوں افراد کو لقمہ اجل بنانے کے ساتھ ساتھ کروڑوں افراد کو بے روزگار بھی کر دیا ۔ اس پر آشوب دور میں لوگوں کی مدد کرنے والوں میں ویسے تو بہت سے مخیر افراد کا نام شامل ہے لیکن جس شخص کو اس کے بر وقت متحرک ہونے کی وجہ سے عوام میں سب سے زیادہ پذیرائی ملی ان میں سونو سود کا نام سر فہرست ہے ۔

 سونو سود نے اپنی مداح ایک خاتون کو پاؤں چھونے سے روک دیا جس کی انہوں نے مدد کی تھی۔ یہ واقعہ کیمرے کی آنکھوں میں بھی قید ہو گیا جس کے بعد صارفین کی ایک بڑی تعداد ان کے اس جذبے کے پیچھے چھپے  اخلاص کا اعتراف کرنے پر مجبور ہو گئی ۔

بالی وڈ اداکار نے گزشتہ روز اپنے ممبئی کے اپارٹمنٹ کے باہر مریضوں اور ان کی فیملی کی درخواست پر ان سے ملاقات کی جس دوران ایک خاتون مداح نے سونو سود کو ہندو رسم کے تحت راکھی باندھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون راکھی باندھنے کے بعد روایتی طور پر آشیرباد لینے کے لیے اداکار کے پیر چھونے کی کوشش کرتی ہیں جسے سونو نے فوری طور پر روک دیا۔

 

 

ویڈیو کو دیکھ کر مداحوں نے اداکار کو نہایت شفیق اور اچھے دل کے مالک کے خطاب سے نوازا اور ساتھ ہی ان کیلئے دعاگو بھی دکھائی دیے۔

خیال رہےکہ سونو سود سماجی مسائل کو اجاگر کرنے اور لوگوں کی مدد کرنے میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ کورونا دور میں روزگار سے محروم افراد کے لئے گھر چلانا ایک انتہائی دشوار گزار مرحلہ تھا - اس دوران اکثر دیکھا جاتا ہے کہ سونو سود کے گھر کے سامنے عوام کا ایک جم غفیر ہوتا ہے جو اپنے محسن اور مسیحا سے اپنی حاجات کا دکھڑا روتے ہیں اور انسانیت کی محبت کا مارا یہ اداکار اپنے ضمیر کی بے ساختہ ترغیب سے مجبور ہو کر ان کی مدد میں سرگرداں ہو جاتا ہے ۔

سونو سے مدد مانگنے والوں میں ملک بھر سے لوگ آ رہے ہیں۔ مدد مانگنے والے ایک جوڑے کی روداد سننے کے بعد اداکار کا کہنا تھا کہ وہ اس سے متعلق فون پر ان سے مزید تبادلہ خیال کریں گے۔ یہ ایک ناقابل یقین حقیقت ہے کہ ایک شخص تن تنہا اپنے محدود وسایل کو بروے کار لاتے ہوئے صرف اپنے جذبہ انسانیت کے تحت اتنے سارے ضرورت مند افراد کی زندگیوں میں فرق پیدا کر رہا ہے۔

پچھلے لاک ڈاؤن میں انہوں نے ان ہزاروں افراد کی مدد کی جو اپنے گھر نہیں پہنچ پا رہے تھے ۔ سونو اس بار بھی دن رات لوگوں کی مدد کر رہے ہیں ۔

سونو خود بتاتے ہیں کہ وہ چوبیس گھنٹے مصروف رہتے ہیں - وہ کہتے ہیں کہ کبھی کبھی تو رات کو تین بجے بھی فون آ جاتا ہے ، کئی بر تو چار بجے بھی فون آے ہیں- اپنی رہائش گاہ پر جمع میڈیا ٹیم کے لئے بھی سونو خود خانے پینے کا انتظام کرتے ہیں - حالیہ دنوں دئے گیے اپنے ایک انٹرویو میں خوبصورت وجاہت کے مالک دلکش اداکار سونو نے انکشاف کیا تھا کہ لوگوں کی مشکل وقت میں مدد کرنا ان کے کامیاب کیریر کا سب سے اچھا رول تھا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس لاک ڈاؤن سے مزدور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا جس کے پاس نہ تو روزگار تھا، نہ ہی کھانا اور نہ ہی گھر جانے کے لئے پیسے - یہ وہی لوگ ہیں جو ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں - ان کی مدد کر کے مجھے قلبی سکوں ملتا ہے اور یہ میری زندگی کا وہ خوبصورت ترین لمحہ ہے جسے میں کبھی فراموش نہیں کرنا چاہونگا۔

سونو سود کے ساتھ ساتھ ان کے کروڑوں مداح اور ابناۓ وطن بھی ان کی خدمات سے مزین ان لمحات کو کبھی اپنے شعور اور یاد داشت سے محو ہونے دینا نہیں چاہیں گے۔