ممبئی/ آواز دی وائس
عامر خان تین سال بعد بڑی اسکرین پر واپسی کر رہے ہیں۔ ان کی بہت انتظار کی جانے والی فلم "ستارے زمین پر" کا ٹریلر منگل کو جاری کر دیا گیا ہے۔ ٹریلر میں عامر کا ایک منفرد انداز نظر آ رہا ہے۔ اس میں نہ صرف ان کی کامیڈی ٹائمنگ دکھائی دے رہی ہے بلکہ ایک خوشگوار اور ہنسی سے بھرا ماحول بھی دکھایا گیا ہے۔
فلم کی ٹیگ لائن ہے: "سب کا اپنا اپنا نارمل"۔ ٹریلر میں عامر خان معذور بچوں کے باسکٹ بال کوچ کا کردار ادا کرتے نظر آ رہے ہیں۔ تین منٹ 29 سیکنڈ کے اس ٹریلر میں عامر خان اور جنیلیا ڈی سوزا کے ساتھ دیگر فنکاروں کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے۔ ٹریلر کی شروعات باسکٹ بال کھیل سے ہوتی ہے، جس کے بعد سزا کے طور پر عامر خان کو 10 معذور بچوں کو باسکٹ بال سکھانے کی ذمہ داری دی جاتی ہے۔ فلم کے میکرز نے ٹریلر شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ایک ٹِنگو باسکٹ بال کوچ، 10 طوفانی ستارے اور ان کا سفر۔
ستارے زمین پر ہسپانوی فلم کا ہندی ری میک ہے
حال ہی میں عامر خان نے بتایا کہ ان کی نئی فلم ہسپانوی فلم "چیمپیئنز" کا ہندی ری میک ہے۔ "چیمپیئنز" 2018 میں ریلیز ہوئی تھی جو اسپین کی ادریس باسکٹ بال ٹیم کی اصل زندگی پر مبنی تھی۔ اس فلم کا پہلے ہالی وڈ میں بھی ری میک بنایا گیا تھا، جس میں اداکار ووڈی ہیرلسن نے کمیونٹی سروس کرنے والے ایک غصیلی کوچ کا کردار ادا کیا تھا۔ ستارے زمین پر"کی ہدایت کاری آر ایس پرسنا نے کی ہے، اور اس میں درشیل سفاری اور جنیلیا دیش مکھ بھی نظر آئیں گے۔ درشیل نے 2007 میں "تارے زمین پر" میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ فلم کے گانے شنکر-احسان-لوئے نے کمپوز کیے ہیں اور امیتابھ بھٹاچاریہ نے لکھے ہیں۔ رام سمپت نے بیک گراؤنڈ اسکور دیا ہے اور اسکرین پلے دیویا ندھی شرما نے لکھا ہے۔ فلم کو عامر خان اور اپرنا پوروہت نے عامر خان پروڈکشنز کے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے۔
فلم میں معذور بچوں کے کردار ادا کرنے والے تمام لڑکے اس فلم سے اپنا ایکٹنگ ڈیبیو کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ "تارے زمین پر" 2007 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کی کہانی ڈسلیکسیا کے شکار ایک بچے اور اس کے آرٹ ٹیچر کے رشتے پر مبنی تھی۔ "ستارے زمین پر" اسی کی اگلی کڑی ہے، جس کا اعلان 2023 میں کیا گیا تھا۔