کراچی: سونی ٹی وی کے کامیڈی شو 'دی کپل شرما شو' سمیت کئی کامیڈی شوز میں اداکاری کرنے والے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کامیڈین نسیم وکی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کپل شرما کی ٹکر کا کوئی کامیڈین نہیں ہے۔ حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے نسیم وکی نے کپل سے اپنی پہلی ملاقات سمیت ان کے شو اور اس میں کام کرنے والے اداکاروں کو سراہا۔
نسیم وکی کا کہنا تھا کہ ہندوستانی فلم انڈسٹری، پاکستان سے بہت آگے ہے، ہمارے ملک میں 100 ہیرو، ہیروئنز نہیں ہیں، نہ ہی اتنے ڈائریکٹرز ہیں، نہ ہی ہمارے ملک میں اتنی فلمیں بنتی ہیں کہ ان کی پروموشن کے لیے اداکار شو میں آئیں۔ کامیڈین نے کہا کہ کپل بہت ٹیلنٹڈ ہے اور ہندوستانی مواد ہم سے کہیں زیادہ بہترین ہے۔
نسیم نے کپل سے پہلی ملاقات کے حوالے سے بتایا 'کپل میرا چھوٹا بھائی ہے اور وہ مجھ سے بہت محبت کرتا ہے، جب اس کا شو بنا تو وہ مجھ سے ملنے آیا اور مجھے کھانے کی دعوت دی، میں اس کے ساتھ کھانا کھانے گیا، اس ملاقات میں کپل نے کہا تھا کہ میں آپ کے درشن کرنے آیا ہوں'۔ نسیم وکی نے کہا 'بعدازاں میں اس کے شو کا حصہ بنا، کئی بار اسکرپٹ بھی لکھا، ہماری کئی میٹنگز ہوتی رہیں'۔ پاکستانی فنکار کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو صارفین کی جانب سے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔