ممبئی/ آواز دی وائس
سلمان خان 27 دسمبر کو اپنی 60ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اس خاص موقع پر اداکار کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلم ’بیٹل آف گلوان‘ کا ٹیزرجاری کر دیا گیا ہے۔ فلم میں بھائی جان کے کردار کی مکمل جھلک دکھائی گئی ہے، ساتھ ہی فلم کی ریلیز تاریخ کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ اپوروا لاکھیا کی ہدایت کاری میں بننے والی ’بیٹل آف گلوان‘ سلمان خان کے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے تیار کی جا رہی ہے۔ فلم میں بھائی جان مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔ شوٹنگ کے دوران کی ایک تصویر سلمان خان پہلے ہی انسٹاگرام پر شیئر کر چکے تھے۔ اب آخرکار فلم کے ٹیزرسے پردہ اٹھ چکا ہے۔
بیٹل آف گلوان کے ٹیزرمیں کیا خاص ہے؟
سلمان خان کے مداح آج صبح سے ہی انہیں سالگرہ کی مبارکباد دیتے نظر آ رہے ہیں، اور سلمان نے بھی مداحوں کو فلم کے ٹیزرویڈیو کے ذریعے ایک زبردست سرپرائز تحفہ دے دیا ہے۔ ’بیٹل آف گلوان‘ کے ٹیزرمیں سلمان خان اب تک کے اپنے سب سے طاقتور اور شاندار کردار میں دکھائی دے رہے ہیں۔ فلم میں وہ ہندوستانی فوج کے ایک افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ٹیزرکو اس انداز میں فلمایا گیا ہے کہ سلمان کی نظریں براہِ راست ناظرین سے بات کرتی محسوس ہوتی ہیں۔ بھائی جان کی مضبوط اسکرین پریزنس اور زوردار ڈائیلاگ دل و دماغ پر گہرا اثر چھوڑتے ہیں۔ ٹیزرمیں شامل ڈائیلاگ ’’موت سے کیا ڈرنا…‘‘ نے خاص طور پر سب کی توجہ حاصل کی ہے۔ یہی نہیں، ٹیزرکی شروعات بھی چند منتخب مگر نہایت اثرانگیز ڈائیلاگز کے ساتھ ہوتی ہے۔
چند ہی منٹ پہلے جاری ہونے والے اس ٹیزرکو دیکھنے کے بعد مداح سوشل میڈیا پر مسلسل اپنے ردِعمل کا اظہار کر رہے ہیں اور سلمان خان کے اس نئے اوتار کی خوب تعریف کر رہے ہیں۔ یہ فلم سلمان خان نے خود پروڈیوس کی ہے۔ اگر ریلیز ڈیٹ کی بات کی جائے تو ’بیٹل آف گلوان‘ 17 اپریل 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی یہ فلم سال 2026 کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلموں کی فہرست میں شامل ہو چکی ہے۔